وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، صوبے میں مفت علاج اور صحت کے 4 بڑے منصوبوں کا جائزہ

جمعرات 2 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صحت کے شعبے میں بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں لاکھوں روپے مالیت کے علاج اور ٹرانسپلانٹ مکمل طور پر مفت فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے ہزاروں خاندانوں کو ریلیف ملا ہے۔

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں 4 بڑے ہیلتھ پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں بتایا گیا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 16 ہزار 625 بچوں کی رجسٹریشن کی گئی، جبکہ 11 ہزار سے زائد کامیاب سرجریز مکمل ہو چکی ہیں۔ مزید یہ کہ صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 7 ہزار 664 بچوں کے دل کے آپریشن اور دیگر طبی پروسیجرز انجام دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے: آزاد کشمیر: ہیلتھ کارڈ کے اجرا سے متعلق اہم اجلاس، منصوبے کو جلدازجلد عملی شکل دینے پر اتفاق

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی غریب بچوں کے علاج کے لیے دروازے کھول دیے گئے، جہاں 3 ہزار 802 بچوں کا علاج سرکاری خرچ پر مکمل کیا گیا۔

سی ایم اسپیشل ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت 2 ہزار ایک مریضوں کی رجسٹریشن کی گئی، جن میں سے ایک ہزار 574 مریضوں کے ٹرانسپلانٹ کامیابی سے مکمل کیے گئے۔ ان میں 255 مریضوں کے لیور ٹرانسپلانٹ بالکل مفت کیے گئے، جبکہ ہر لیور ٹرانسپلانٹ پر حکومت پنجاب نے تقریباً 65 لاکھ روپے خرچ کیے۔

اسی پروگرام کے تحت 799 مریضوں کے گردوں کی پیوندکاری، 460 مریضوں کے کوکلیر ٹرانسپلانٹ، 32 مریضوں کے کارنیل اور 28 مریضوں کے بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی مفت کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے: عالمی ادارہ صحت نے ایران میں اسپتالوں پر 13 حملوں اور 4 اموات کی تصدیق کر دی

ڈائیلسز پروگرام کے حوالے سے اجلاس کو بتایا گیا کہ 38 ہزار 125 مریض رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ اس پروگرام کے تحت اب تک 15 لاکھ سے زائد ڈائیلسز پروسیجرز مکمل کیے جا چکے ہیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘غریب ہو یا امیر، سب بچے میرے اپنے ہیں’، اور حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘11 ہزار سرجریز اور ہزاروں ٹرانسپلانٹ پنجاب کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں’۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp