پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ISPR) کے مطابق یکم اپریل 2026 کو شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت سیکیورٹی فورسز نے بروقت نوٹ کی۔
مزید پڑھیں: خیبر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 خوارج ہلاک کردیے
سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اس گروہ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک ہو گئے۔ کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک بار پھر افغان طالبان حکومت کی جانب سے مؤثر بارڈر مینجمنٹ میں ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان، سیکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج ہلاک کردیے
آئی ایس پی آر کے مطابق ’عزمِ استحکام‘ مہم کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم کا شمالی وزیرستان آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے پاک افغان سرحدی علاقے میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے آپریشن کے دوران 8 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی بہترین حکمت عملی اور عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وہ خود اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس عزم میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔
مزید پڑھیں: فیلڈ مارشل کی علمائے کرام سے اہم ملاقات، انتشاریوں کو وارننگ، ڈی جی آئی ایس پی آر کا افغان طالبان کو پیغام













