آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے برطانیہ کا بڑا اقدام، 35 ممالک کا اجلاس طلب

جمعرات 2 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ کے وزیراعظم کیر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ وہ 35 ممالک کے ساتھ آبنائے ہرمز  دوبارہ کھولنے کے لیے بات چیت کریں گے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کی وجہ سے خلیج کی یہ اہم سمندری راہداری مؤثر طریقے سے بند ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران نے جنگ بندی کی درخواست کردی، فیصلہ آبنائے ہرمز کھولے جانے پر کریں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

اسٹارمر نے کہا کہ گزرگاہ کو دوبارہ کھولنا آسان نہیں ہوگا، لیکن تمام ممکنہ سفارتی اور سیاسی اقدامات پر غور کیا جائے گا تاکہ جہازوں اور عملے کی حفاظت کے ساتھ اہم اشیا کی ترسیل دوبارہ شروع کی جا سکے۔

برطانیہ کی وزیر خارجہ ایویٹ کوپر اس ہفتے ورچوئل اجلاس کی میزبانی کریں گی، جس میں شریک ممالک ہرمز کی گزرگاہ کو محفوظ اور قابل رسائی بنانے کے لیے ضروری اقدامات پر بات کریں گے۔

عالمی رہنما ایران کی جانب سے اس سمندری راستے کے بند ہونے پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں، کیونکہ یہاں سے دنیا کے پانچویں حصہ تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔اس بندش کے بعد عالمی توانائی کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں اور کئی ممالک نے اپنی اسٹراٹیجک تیل اور گیس کے ذخائر جاری کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ بحران کم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز میں پاکستانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ من گھڑت

اسٹارمر نے کہا کہ وہ اجلاس میں شامل ممالک جو پہلے ہی محفوظ راستے کے لیے تعاون کرنے پر تیار ہیں، اس ہفتے کی بات چیت میں حصہ لیں گے۔ اجلاس کے بعد برطانیہ اپنے عسکری منصوبہ سازوں کے ساتھ بھی حکمت عملی تیار کرے گا تاکہ ہرمز کی گزرگاہ دوبارہ کھولنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp