پاکستان میں اس بار مون سون کی بارشیں معمول سے کم رہیں گی: محکمہ موسمیات

اتوار 4 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اس بار مون سون کی بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے کم رہیں گی تاہم شہری علاقوں میں اربن اور فلش فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ گلیشئر پگھلنے سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

گزشتہ مہینے مئی 2023 میں معمول سے 127 فیصد زائد بارشیں ہوئیں، 63 سال میں رواں سال مئی دوسرا زیادہ بارشوں والا مہینہ ریکارڈ کیا گیا۔ آج اور کل ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق مئی میں ایک دن میں سب سے زیادہ 80 ملی میٹر بارش پنجاب کے شہر حافظ آباد میں 5 مئی کو ہوئی جبکہ مئی میں مالم جبہ 185 ملی میٹر بارش کے ساتھ زیادہ بارش والا علاقہ رہا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مئی کا دن اور رات کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 28.23 ریکارڈ ہوا جبکہ مئی کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 28.94 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ مئی میں دن کا درجہ حرارت معمول کے اوسط سے 0.98 ڈگری سینٹی گریڈ کم رہا جبکہ ملک میں دن کا اوسط درجہ حرارت 35.28 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ 21 مئی کو جیکب آباد 49 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین مقام رہا۔

محکمہ موسمیات نے ایک اور خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مون سون، جون کے وسط سے شروع ہو کر ستمبر تک جاری رہتا ہے مگر اس بار مون سون کی بارشیں معمول یا معمول سے کم رہیں گی تاہم شہری علاقوں میں اربن اور فلش فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ گلیشئر پگھلنے سے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔ تاہم شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب ،بالائی خیبر پختونحوا، کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پیر 5 جون کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہے گا۔ تاہم جنوبی پنجاب ، شمال مشرقی بلوچستان، بالائی خیبر خیبر پختونحوا، کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp