سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کی اپوزیشن لیڈری خطرے میں پڑ گئی

اتوار 4 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اپوزیشن لیڈر کی کرسی خطرے میں پڑ گئی، اپوزیشن لیڈر کی کرسی کے لیے اسمبلی میں جوڑ توڑکا عمل شروع ہوگیا ہے۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کون ہوگا؟ اس کا فیصلہ جلد ہو جائے گا، ایم کیوایم پاکستان نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے مشاورتی عمل شروع کردیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان اپوزیشن لیڈر کے لیے اپنا امید وار لانے میں مصروف دکھائی دے رہی ہے چنانچہ پارٹی نے چند روز میں باضابطہ طور پر اپوزیشن لیڈر کے لیے درخواست جمع کرانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پرایم کیوایم پاکستان کے ایک سینئر رکن نے وی نیوز کو بتایا کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے ایم کیوایم  پاکستان کی جانب سے مختلف ناموں پرغور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جن ناموں پر غور کیا جارہا ہے ، ان میں علی خورشیدی، رانا انصار، خواجہ اظہار الحسن، جاوید حنیف اور محمد حسین شامل ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعوٰی کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سے پہلے بھی رابطوں میں تھے، اب بھی رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ اس وقت سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ ہیں جبکہ حلیم عادل شیخ سمیت پی ٹی آئی کے متعدد اراکین 9 مئی کے بعد سے روپوش ہیں۔ چند اراکین پارٹی چھوڑ چکے ہیں جبکہ چند اراکین جیل میں ہیں۔

یاد رہے کہ اس وقت سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پاس 21 اور پی ٹی آئی کے پاس 30 نشستیں ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp