190 ملین پاؤنڈز کیس: نیب نے عمران خان سمیت 22 شخصیات کے خلاف تحقیقات تیز کر دیں

اتوار 4 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی کے حوالے سے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت 22 اہم سیاسی شخصیات کے خلاف تحقیقات تیز کر دی ہے۔

قومی احتساب بیورو کی جانب سے تحریک انصاف دور کے سابق وفاقی وزرا، کابینہ ارکان کے نام گاڑیوں، پراپرٹی اور اکاؤنٹس سے متعلق ریکارڈ مانگ لیا گیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے صوبوں کے سیکرٹریز ایکسائز کو اس ضمن میں مراسلے جاری کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس کے ماسٹر مائنڈ جنرل (ر) فیض حمید ہیں، فیصل واوڈا

احتساب بیورو نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید، سابق وزیر دفاع پرویز خٹک، سابق وزیر پانی و بجلی عمر ایوب، سابق وزیر ریونیو حماد اظہر، سابق وزیر مواصلات مراد سعید، سابق وزیر پلاننگ اسد عمر، سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری، سابق وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی، فیصل واوڈا، علی زیدی، خالد مقبول، شیریں مزاری اور فروغ نسیم سمیت دیگر کے نام پراپرٹی کی تفصیلات مانگی ہیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے سابق وفاقی وزرا اور کابینہ ممبران کے نام پر اور ٹرانسفر گاڑیوں کے ریکارڈ سے متعلق بھی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں 190ملین پاؤنڈز اسکینڈل بدعنوانی اور کرپشن کی تاریخ کا میگا اسکینڈل ہے، عرفان قادر

احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق 2018 سے اب تک سابق وفاقی وزرا نے جتنی گاڑیاں خریدی یا فروخت کی ہیں اس کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) برطانیہ سے پاکستان 190 ملین پاؤنڈز کی غیر قانونی منتقلی کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بھی اسی سے جڑے ہوئے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی اور 8 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی منظور ہو گیا تھا مگر سپریم کورٹ نے مداخلت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp