پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، جیل بھیج دیا گیا

اتوار 4 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی ہے اور انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ عدالت نے اس حوالے سے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

اتوار کے دن اینٹی کرپشن کی جانب سے پرویز الٰہی کو عدالت میں پیش کیا گیا مگر جب سماعت شروع ہوئی تو اینٹی کرپشن حکام نے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک پر عدم اعتماد کر دیا۔

اینٹی کرپشن نے موقف اختیار کیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے ٹوئٹر اور فیس بیک پیجز بنے ہوئے ہیں۔ سیشن جج اس کیس کی سماعت کے لیے کسی اور جج کا انتخاب کریں۔

میرا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں: جوڈیشل مجسٹریٹ

اس موقع پر فاضل جج نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میرا کوئی سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں ہے۔ اگر کسی کو کوئی اعتراض ہے تو سیشن جج کو درخواست دے دے۔

دوران سماعت پرویز الٰہی کے وکیل رانا انتظار ایڈووکیٹ نے اعتراض کیا کہ ہمیں مقدمے کی کاپی فراہم نہیں کی گئی اور دوسری جانب آپ پر بھی اعتراض اٹھا دیا گیا ہے جس کے بعد سماعت میں کچھ وقت کا وقفہ کیا گیا۔

وقفے کے بعد دوبارہ سماعت کا آغاز ہوا تو مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے کہا کہ کسی کی حمایت میں بات کروں تو ٹھیک ورنہ غلط، میرا منصب مجھے بولنے کی اجازت نہیں دیتا۔

اس موقع پر تفتیشی افسر نے پرویز الٰہی کے خلاف ثبوتوں کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سابق وزیراعلیٰ کا جسمانی ریمانڈ چاہیے جبکہ پرویز الٰہی کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔

پرویز الٰہی جعلی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار، اینٹی کرپشن نے سیکریٹری پنجاب اسمبلی کو بھی پکڑ لیا

واضح رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری یکم جون کو عمل میں لائی گئی تھی اور انہیں چوہدری ظہور الٰہی روڈ پر واقع ان کی رہائشگاہ کا چاروں اطراف سے گھیراؤ کر کے گرفتار کیا گیا۔

جمعہ 2 جون کے روز چوہدری پرویز الٰہی کو انسداد دہشتگردی عدالت سے رہائی ملنے کے بعد اینٹی کرپشن کے ہیڈ کوارٹر سے دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس بار ان کی گرفتاری گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں کی گئی جس کے بعد پولیس نے انہیں گوجرانوالہ منتقل کیا۔

گوجرانوالہ کی عدالت نے بھی چوہدری پرویز الٰہی کو بری کرنے کا حکم دیا تو اینٹی کرپشن حکام نے ان کو پنجاب اسمبلی میں ہونے والی جعلی بھرتیوں کے کیس میں گرفتار کیا۔

چاہے 100 کیس بھی بنا دیں پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا رہوں گا: پرویز الٰہی

دریں اثنا میڈیا سے گفتگو میں پرویز الٰہی نے کہا کہ چاہے 100 کیس بھی بنا لیں میں تحریک انصاف کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ناکام ہو چکی ہے۔ ملک میں اس وقت مہنگائی عروج پر پہنچ چکی، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے پنجاب تحریک انصاف کے پاس ہی رہے گا۔

انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں کو بھی پیغام دیا کہ آپ ڈٹ کر کھڑے رہیں اور حکمرانوں کے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp