امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا، ایران تعاون جاری رکھے تو معاہدہ ہوسکتا ہے۔
ہنگری میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مجھے بتایا ہے ایرانی اچھے لڑاکا نہیں تاہم اچھے مذاکرات ضرور ہیں، ایران میں کئی حلقوں کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا اور وہ امریکا کے متعدد مطالبات سے اتفاق کرتے دکھائی دیے، جن میں آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے سمیت دیگر نکات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ایران امریکا جنگ بندی خطے میں قیام امن کے لیے اہم، پاکستان کی سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، سعودی عرب
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگرچہ ایک جانب مذاکرات میں پیش رفت ہوئی، تاہم دوسری طرف ایران کے کچھ عناصر سوشل میڈیا پر گمراہ کن معلومات پھیلا رہے ہیں۔
جے ڈی وینس کے مطابق صدر ٹرمپ نے مذاکراتی ٹیم کو ہدایت دی تھی کہ نیک نیتی کے ساتھ بات چیت آگے بڑھائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران تعاون جاری رکھتا ہے تو معاہدہ ممکن ہے، لیکن اگر غلط بیانی کی گئی تو امریکا اس پر خوش نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر کے مطابق امریکا کو اب بھی عسکری اور معاشی برتری حاصل ہے، جو مذاکراتی عمل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔














