پاکستان میں ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جسے ملکی معیشت اور عالمی اعتماد کے حوالے سے خوش آئند پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ کامیاب سفارتکاری اور پائیدار معاشی اصلاحات کے باعث پاکستان ایک بااعتماد اور مضبوط معاشی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے۔
بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ریکارڈ ترسیلاتِ زر کو حکومت پر بھرپور اعتماد کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق مارچ 2026 میں ترسیلاتِ زر 3.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو فروری کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026 کے پہلے 9 ماہ میں مجموعی ترسیلاتِ زر 30.3 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں، جو سالانہ بنیاد پر 8 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔
مشیر وزیر خزانہ کے مطابق مالی سال 2025 کے 38 ارب ڈالر کے مقابلے میں مالی سال 2026 میں ترسیلاتِ زر 41 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی مسلسل ملکی معیشت کی ترقی اور مالی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
خرم شہزاد نے مزید کہاکہ موجودہ عالمی حالات کے باوجود ترسیلاتِ زر کی آمد میں استحکام برقرار ہے اور مستقبل میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔














