وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے ایک روزہ دورے کے دوران ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ محمد بن عبداللہ الجدان سے ملاقات pic.twitter.com/s2j6hZgym6
— WE News (@WENewsPk) April 10, 2026
وزیراعظم نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد کی پاکستان سے گہری وابستگی کو سراہا اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مسلسل اقتصادی و مالی معاونت کو ملک کے معاشی استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور اس کے عوام ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان یہ برادرانہ تعلق وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے، خاص طور پر ولی عہد کی قیادت میں یہ روابط مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر خزانہ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جو ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق ہے۔














