وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے نمائندے پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد پہنچ چکے ہیں اور آج دونوں ممالک کے درمیان اہم مذاکرات ہوں گے، جن کا مقصد خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے استقبال کیا
قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ نازک صورتحال میں پاکستان نے نہایت دانشمندی اور اعتماد کے ساتھ فریقین کو عارضی جنگ بندی پر آمادہ کیا، جو ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ممالک کل تک جنگ کے دہانے پر کھڑے تھے، اب مذاکرات کی میز پر آ چکے ہیں اور یہ پیشرفت خطے کے لیے انتہائی اہم ہے۔
دنیا میں امن قائم ہو، اس کے لیے کل اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کی قیادت موجود ہوگی۔ پاکستانی قیادت ان مذاکرات کو کامیاب کروانے کے لیے اپنی پوری کوشش کرے گی، جبکہ باقی نتائج اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہیں، وزیراعظم شہبازشریف pic.twitter.com/jtBmrzRsRz
— WE News (@WENewsPk) April 10, 2026
شہباز شریف نے کہا کہ اگرچہ عارضی جنگ بندی کا اعلان ہو چکا ہے، تاہم اصل چیلنج اسے مستقل اور دیرپا امن میں تبدیل کرنا ہے، جو ایک فیصلہ کن مرحلہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کامیاب مذاکرات سے نہ صرف کشیدگی کا خاتمہ ہوگا بلکہ بے شمار قیمتی انسانی جانیں بھی محفوظ بنائی جا سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں امریکا دوبارہ فوجی کارروائی کرے گا، ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو دھمکی
وزیراعظم نے اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کرنے میں اہم اور تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ کے شعلے بجھانے اور امن کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان ان مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا تاکہ خطے میں جنگ کے بجائے امن، استحکام اور ترقی کو فروغ مل سکے۔














