عمران خان سے مذاکرات نہیں کررہے، مولانا فضل الرحمان

پیر 5 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ڈی ایم کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے ایک بار پھر عمران خان سے مذاکرات کے کسی بھی امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سے پہلے بھی مذاکرات نہیں کررہےتھے اور اب بھی نہیں کر رہے۔

لاہور میں ایاز صادق سے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عدلیہ نے جانبداری کا مظاہرہ کیا تو عوامی عدالت میں گئے اور عدلیہ پر تشویش کااظہار کیا۔ بولے؛ کورٹ کے سامنے گملوں اور کیاریوں کی بھی حفاظت کرتے رہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ عدلیہ کے خیر خواہ ہیں اگر اس ادارے کی کارکردگی پر سوال اٹھتا ہے تو اس پر بات ہوتی ہے۔ تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق ان کا موقف تھا کہ یہ فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے اگر وہ ایسا کرتی ہیں تو خس کم جہاں پاک۔

9 مئی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نئی صورتحال کا سامنا ہے جسے ماضی پر قیاس نہیں کیا جا سکتا۔ جب جی ایچ کیو یا کور کمانڈر پر حملہ ہوگا تو پھر آرمی ایکٹ حرکت میں آئے گا۔

عام انتخابات کے حوالے سے سربراہ پی ڈی ایم کا موقف تھا کہ اختلاف رائے کے باوجود اتفاق رائے پر پہنچیں گے۔ کسی معاملے پر دو ہزار اٹھارہ کو معیار نہیں سمجھتے۔ پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں ہے علاقائی سطح پر ایڈجسٹمنٹ کر سکتے ہیں۔

’مہنگائی پر پریشانی یہی ہے ملکی معیشت اس حد تک گر چکی ہے نئی حکومت اسے اٹھا نہیں سکے گی۔ عوام سمجھ رہی ملک کو دلدل کی طرف کس نے دھکیلا ہے ۔۔۔ لیکن اب امید پیدا ہوگئی ہے معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp