اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات کے آغاز کے ساتھ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران امریکی نائب صدر کے ہمراہ خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی موجود تھے، جبکہ وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن رضا نقوی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیے: ایران سے مثبت مذاکرات کے لیے پرامید ہیں، پاکستان روانگی سے قبل جے ڈی وینس کی گفتگو
وزیر اعظم نے دونوں وفود کی جانب سے تعمیری انداز میں مذاکرات میں شرکت کے عزم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ بات چیت خطے میں پائیدار امن کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کے حصول کے لیے دونوں فریقین کے درمیان سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ ایران امریکا جنگ بندی کے بعد دونوں ممالک کے وفود آج اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جہاں وہ پائیدار امن کے لیے پاکستان کی میزبانی میں اہم مذاکرات میں حصہ لیں گے۔













