تحریک انصاف نے کراچی میں اپنے بند دفاتر کی بحالی کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

پیر 5 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف نے کراچی میں اپنے بند دفاتر کھولنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ پی ٹی آئی کے دفاتر کو سیل کرنا اور سیاسی سرگرمیوں سے روکنا غیر آئینی عمل ہے۔

درخواست گزارتحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی اور حال ہی میں پی ٹی آئی کراچی کے نامزد صدر اکرم چیمہ نے اپنے اٹارنی عابد جیلانی کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ کسی قانونی کارروائی کے بغیر شہر بھر میں پارٹی دفاتر کو سیل کردیا گیا ہے۔

’انصاف ہاؤس سمیت کسی بھی دفتر میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازات نہیں دی جارہی ہے۔ 9  مئی کے واقعہ کے بعد پی ٹی آئی کراچی کے تمام دفاتر کو کسی قانونی کارروائی کے بغیر سیل کردیا گیا ہے۔ دفاتر میں پارٹی کی دستاویزات اور اثاثے موجود ہیں۔‘

وکیل درخواست گزار خان زمان خٹک نے درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ میئر کراچی کے انتخاب سمیت آئندہ انتخابات کے حوالے سے مختلف قسم کی سیاسی سرگرمیوں کے پیش نظر عدالت سے استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی کے دفاتر کو کھولنے کا حکم دیا جائے۔

’پی ٹی آئی کے دفاتر کو سیل کرنا اور سیاسی سرگرمیوں سے روکنا غیر آئینی ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp