سعودی ایوی ایشن کا وفد پاکستانی ایئرپورٹس پر پروازوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لے گا

منگل 6 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا) کے اعلی سطح کا وفد پاکستانی ایئرپورٹس سے براہ راست سعودی عرب جانے والی پروازوں کو فراہم کی جانے والی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کی غرض سے پاکستان پہنچ گیا ہے۔

سعودی گاکا کے 8 رکنی سیکیورٹی وفد نے آج صبح پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ہیڈ کوارٹرز میں ڈائریکٹر سیکیورٹی سے ملاقات کی اور بات چیت کے دوران فریقین نے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کے مکمل عزم کا اعادہ کیا۔

گاکا کا سیکیورٹی وفد ملک میں اپنے تین ہفتے قیام کے دوران کراچی، لاہور، سیالکوٹ، ملتان، اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹس کا دورہ کرے گا۔ دورے کا مقصد پاکستان ائرپورٹس سے براہ راست سعودی عرب جانے والی پروازوں کو فراہم کی جانے والی سیکیورٹی کا جائزہ لینا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل سی اے اے ایئر مارشل زاہد محمود نے اپنے پیغام میں سعودی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے ہدایت کی کہ مختلف ہوائی اڈوں کے دوروں کے دوران سعودی مہمانوں سے مکمل تعاون کیا جائے۔ انہوں نے مہمان وفد کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

سعودی گاکا وفد کے سربراہ نے اپنے پرتپاک استقبال پر پاکستان سول ایوی ایشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ  یہ دورہ دونوں سول ایوی ایشنز کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp