کوئٹہ میں وکیل کی ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دار عمران خان ،قتل کا مقدمہ درج کرائیں گے، عطااللہ تارڑ

منگل 6 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں وکیل کے قتل کا مقدمہ عمران خان کے خلاف درج کرائیں گے اور یہ اس سے بچ نہیں سکیں گے کیوں کہ مکمل تفتیش ہو گی۔

منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عبدالرزاق کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی کیوں کہ وہ عمران خان کے خلاف سنگین غداری کے مقدمے میں درخواست گزار اور خود وکیل بھی تھے جبکہ جلد ہی اس کیس کا فیصلہ بھی ہو جانا تھا۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کے خلاف غداری کا مقدمہ کرنے والے وکیل عبدالرزاق کوئٹہ میں قتل

انہوں نے کہا کہ یہ کیس بلوچستان ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ ایک سینیئر وکیل کو شہید کرنا معمول کا واقعہ نہیں کیوں کہ اس کیس کی کل سماعت ہونی تھی اور اگلی چند تاریخوں میں فیصلہ بھی آ جانا تھا۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سینیئر وکیل کی ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔ اگر وکیلوں کی ایسے ٹارگٹ کلنگ کی جائے گی تو پھر کیا بنے گا۔

عبدالرزاق کو اس لیے قتل کروایا گیا کہ وہ غداری کیس کی پیروی کر رہے تھے

انہوں نے کہا کہ ایک سینیئر وکیل کو صرف اس لیے قتل کروا دیا گیا کہ وہ آپ کے خلاف سنگین غداری کے کیس کی پیروی کر رہا تھا۔ اور یہ سب کچھ غداری کے کیس سے بچنے کے لیے کیا گیا کیوں کہ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد اسمبلی کی تحلیل غیر آئینی تھی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ عبدالرزاق ایڈووکیٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی ہر کوئی گواہی دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے جس کا ثبوت ہے کہ انہوں نے 9 مئی کو اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ 2014 میں انہوں نے جو کچھ کیا وہ سب بھی تاریخ کا حصہ ہے۔

تحریک انصاف ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے

عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے دن 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن میں ملوث لیڈر کی گرفتاری پر ردعمل دینے کے لیے چند شرپسند عناصر نے سرکاری املاک، فوجی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا۔

عطااللہ تارڑ کا یہ بھی کہنا تھا کہ 9 مئی کو تشدد میں ملوث کسی بھی فرد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کو عدالت نے عجلت میں رہا کیا، پیش کردہ ضمنیوں میں یاسمین راشد کی کورکمانڈر ہاؤس میں موجودگی ثابت ہے، فارنزک رپورٹ میں صورتحال واضح ہے پھر بھی انہیں رہا کر دیا گیا۔

انہوں نے پرویز الٰہی اور جسٹس مظاہر نقوی کی آڈیو کی تحقیقات کرنے کے بجائے سپریم کورٹ کی جانب سے انکوائری کمیشن کے خلاف کارروائی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

پی ٹی آئی کا عبدالرزاق شر کے قتل کا مقدمہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف درج کرنے کا مطالبہ

دوسری جانب عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ عبدالرزاق ایڈووکیٹ کے قتل کا مقدمہ وزیراعظم اور وزیرِ داخلہ کے خلاف درج کیا جائے۔

تحریک انصاف نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ سرکاری پریس کانفرنس میں عمران خان کے خلاف ایک اور جھوٹے مقدمے کے اندراج کی کوشش کا فوری نوٹس لیا جائے۔ عطاءاللہ تارڑ کے الزامات مکمل طور پر لغو، بےبنیاد اور بیہودہ ہیں۔

پی ٹی آئی نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ عبدالرزاق شر کا قتل تحریک انصاف کو کچلنے کے لیے پہلے سے جاری شرمناک، غیرآئینی اور غیرقانونی مہم کا تسلسل ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی رؤف حسن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عطاءاللہ تارڑ کی پریس کانفرنس ایک وکیل کے مجرمانہ قتل پر پردہ پوشی کی سفّاک کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ عبدالرّزاق شر کا خون انہی ہاتھوں پر ہے جنہوں نے 9 مئی کو آگ اور خون کا شرمناک کھیل کھیلا اور 25 بے گناہ پاکستانیوں کو قتل کیا گیا۔

عمران خان پر الزام تراشی شرمناک منصوبے کا شاخسانہ ہے، رؤف حسن

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں لاقانونیت اور آئینی و انتظامی دہشتگردی میں ملوث حکمران گروہ نے 9 مئی کو جمہور کی بالادستی کو ذبح کرنے کی کوشش کی۔ عبدالرزاق شر کے قتل پر بلا تحقیق 2 گھنٹوں میں چیئرمین تحریک انصاف پر الزام اسی شرمناک منصوبے کا شاخسانہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قتل و غارت گری کے واقعات اور بلاتحقیق تحریک انصاف اور چیئرمین تحریک انصاف پر الزام اب ایک روایت کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ 3 نومبر کو وزیرآباد میں عمران خان کو گولیاں ماری گئیں، مقدمہ درج ہوا نہ آج تک کوئی تحقیقات کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو پرامن احتجاج کا فائدہ اٹھا کر جلاؤ گھیراؤ کیا گیا اور سینکڑوں شہریوں کو گولیاں ماری گئیں مگر ابھی تک کوئی تحقیق نہیں کی گئی۔

سپریم کورٹ عبدالرزاق شر کے قتل اور سرکاری پریس کانفرنس کا نوٹس لے

رؤف حسن کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق شر کے آج کے قتل پر بھی بلاتحقیق عمران خان کو ایک اور جھوٹے مقدمے میں نامزد کرنے کا سرکاری اعلان کیا گیا۔ خود پر قاتلانہ حملے کے بعد عمران خان نے وزیراعظم، وزیر داخلہ اور خفیہ ایجنسی کے ایک اعلیٰ افسر کو نامزد کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ان تینوں افراد کے عزائم سے قوم کو مسلسل آگاہ کیا، یہ تینوں افراد بدستور عہدوں پر موجود ہیں اور ملک انتشار اور قتل و غارت گری کی آگ میں جل رہا ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عمران خان ڈیڑھ سو سے زائد جھوٹے مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ عبدالرزاق شر کے قتل اور سرکاری پریس کانفرنس کا نوٹس لے اور ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کا اہتمام کرے۔

یہ بھی پڑھیں ’میرے مقدمات ویڈیو لنک پر سنے جائیں‘ عمران خان کی استدعا

واضح رہے کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے ایئرپورٹ روڈ پر منگل کی صبح نامعلوم مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وکیل عبدالرزاق جان بحق ہوگئے۔ واقعہ کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز و امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔

کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔ صدر کوئٹہ بار ایسوسی ایشن نے حکومت سے اس قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp