اسد عمر اور پرویز خٹک کا پی ٹی آئی میں کیا مستقبل ہوگا؟ عمران خان نے بتادیا

منگل 6 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

9 مئی کے واقعات کے بعد سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف شروع ہونے کے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں پارٹی عہدیداران و ذمہ داران یا تو پارٹی سے لاتعلقی کا اعلان کررہے ہیں یا پھر عہدوں سے دستبردار ہورہے ہیں، اور عہدے چھوڑنے والوں میں اہم ترین افراد پارٹی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر اور خیبرپختونخوا کے صدر پرویز خٹک ہیں۔

جب سے ان اہم افراد نے پارٹی عہدے چھوڑنے کا اعلان کیا ہے تب سے یہ بحث عام ہوچکی ہے کہ ان افراد کی پوزیشن کیا ہے؟ کیا یہ پارٹی کا حصہ ہیں یا نہیں، لیکن پارٹی چیئرمین عمران خان نے پارٹی کی آن لائن میٹنگ میں اس سوال کا جواب دے دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ایک سینیئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وی نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت کی عمران خان سے آن لائن میٹنگ ہوئی ہے جس میں ان سے سوال پوچھا گیا کہ اسد عمر کی پارٹی میں اس وقت کیا پوزیشن ہے؟ جس پر عمران خان نے واضح طور پر یہ جواب دیا کہ کوئی پارٹی چھوڑے یا عہدے، ان کی نظر میں سب برابر ہیں۔

عمران خان نے میٹنگ میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ اس مشکل وقت میں پارٹی اور میرے ساتھ کھڑے ہیں پارٹی عہدے صرف انہی کو ملیں گے اور ان حالات میں جس نے بھی پارٹی چھوڑی یا اپنے عہدوں سے دستبردار ہوا ہے ان دونوں میں میرے نزدیک کچھ فرق نہیں ہے‘۔

پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما نے مزید بتایا کہ عمران خان نے ان تمام افراد کی ہمت کو سراہا جو اس مشکل وقت میں بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ بھی کہا کہ مستقبل میں ایسے ہی افراد کو پارٹی کی ذمہ داریاں اور انتخابات کے لیے ٹکٹس دیے جائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف سے جانے والے 2 طرح کے لوگ ہیں ایک وہ جو پارٹی کو چھوڑ رہے ہیں دوسرے وہ جو عہدے چھوڑ رہے ہیں۔ عہدے چھوڑنے والوں کے بارے میں یہ رائے تھی کہ وہ کسی بھی وقت پارٹی میں واپس آسکتے ہیں لیکن عمران خان نے ان کے حوالے سے بھی سب کو سرپرائز دیتے ہوئے یہ کہہ دیا کہ پارٹی اور عہدے چھوڑنے والے ان کے نزدیک ایک جیسے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp