آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے وزیراعظم نے بڑا پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کردی

منگل 6 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی کے شعبہ میں فکسڈ ٹیکس رجیم لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کے لیے بڑے پیکیج کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور آئی ٹی و ٹیلی کام کے حوالہ سے بجٹ تجاویز پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور آئی ٹی کے شعبہ میں فکسڈ ٹیکس رجیم لانے کابڑا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے فکس ٹیکس رجیم کے لیے کمیٹی تشکیل دی اور ہدایت کی کہ کمیٹی فوری طور پر اپنی سفارشات پیش کرے۔ اجلاس میں آئی ٹی کے شعبہ میں نیا کاروبار شروع کرنے والوں کو خصوصی مراعات دینے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے ذریعے کاروبار اور تجارت کے فروغ پر خصوصی رعایت دینے، نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کے لیے بھی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم کی آئی ٹی زونز بنانے کے فیصلے کی منظوری

اجلاس میں نوجوانوں کو آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہنر مند بنانے کے پروگرام میں توسیع کے خصوصی پروگرام کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم نے خصوصی ٹریننگ، آئی ٹی زونز بنانے کے فیصلے کی بھی منظوری دی۔

وزیراعظم نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آئی ٹی سے متعلقہ سفارشات کو شامل کرنے کی ہدایت کی، آئی ٹی کے شعبہ کے لیے بجٹ سفارشات کی منظوری سے لاکھوں کی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نے نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبہ میں نئی کمپنیوں کی تشکیل کے لیے خصوصی رہنمائی اور سرکاری مدد فراہم کرنے کے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے بیرون ملک آئی ٹی سیکٹرز کے روڈ شوز منعقد کرنے اور اس شعبے میں سہولیات سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں نوجوانوں کو آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہنرمند بنانے کے پروگرام میں بڑی توسیع کے خصوصی پروگرام کی بھی منظوری دی گئی۔

حکومت نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے خطیر رقم خرچ کرے گی

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجٹ میں نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے کی پیشہ ورانہ تربیت پر خطیر رقم خرچ کرے گی، اس وقت ملک میں 45 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی ہنر کی تربیت فراہم کی جارہی ہے، حکومت آئندہ بجٹ میں ایک لاکھ نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے گزشتہ دورِ حکومت میں ہم نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جن کی بدولت کورونا وبا کے دوران نوجوان ملک میں زرمبادلہ لے کر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپشل ٹیکنالوجی زونز کے تحت آئی ٹی کمپنیوں کو ٹیکس مراعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیرِ اعظم نے آئی ٹی کے شعبے کو آئندہ برس اپنی برآمدات کو 4.5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف دے دیا اور آئی ٹی شعبے کی آمدن کا 35 فیصد اپنی استعداد بڑھانے کے لیے رکھنے کی سہولت میں 3 سال کی توسیع دینے کا فیصلہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے آئی ٹی وزارت اور متعلقہ حکام کو شعبے کے ساتھ مل کر بجٹ میں سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کی تجاویز کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لیے مقامی سطح پر فائبر کیبل کی تیاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔

آئی ٹی کی برآمدات میں اضافے کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال

اجلاس کو آئی ٹی و ٹیلی کام شعبے کی ترقی اور آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت بجٹ میں آئی ٹی شعبے کی برآمدات بڑھانے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے جن کی بدولت موجودہ آئی ٹی برآمدات کو 100 فیصد بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 45 ہزار کے قریب نوجوانوں کو آئی ٹی شعبے کی پیشہ وارانہ تربیت دی جا رہی ہے جو تربیت مکمل ہونے کے بعد نہ صرف روزگار کے حوالے سے خود کفیل ہوں گے بلکہ مزید روزگار پیدا کرنے کا ذریعہ بھی بنیں گے۔

آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت

وزیرِ اعظم نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کے لیے بجٹ تجاویز کو جلد حتمی شکل دے کر پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، سید امین الحق، مریم اورنگزیب، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت عائشہ غوث پاشا، معاونینِ خصوصی طارق باجوہ، جہانزیب خان، طارق پاشا، شزا فاطمہ خواجہ، سینیٹر افنان اللہ، گورنر اسٹیٹ بنک، چیئرمین ایف بی آر، متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ آئی ٹی کے شعبے سے معروف ماہرین بشمول آصف پیر، زوہیب خان، نصیر اختر اور ٹیلی کام شعبے سے حاتم باماترف سی ای او پی ٹی سی ایل، مدثر حیسن نائب صدر جاز اوت کمال احمد ڈپٹی سی ای او ٹیلی نار نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp