نجی ٹیلی ویژن چینل کے ایگزیکٹو پروڈیوسر زبیر انجم گھر پہنچ گئے۔ ان کے بھائی وجاہت نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زبیر انجم خیریت سے ہیں۔
یاد رہے کہ نجی ٹیلی ویژن چینل کے ایگزیکٹو پروڈیوسر زبیر انجم کو پولیس اہلکار پیر، منگل کی شب گھر سے اٹھا کر لے گئے تھے، زبیر انجم ماڈل کالونی موڑ 4 نمبر شیٹ کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق 2 پولیس موبائل اور ڈبل کیبن گاڑیوں میں کچھ افراد زبردستی گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر زبیر انجم کو ساتھ لے گئے۔ زبیر انجم کے بھائی وجاہت کے مطابق پولیس اور سادہ لباس اہلکار اسلحہ کے زور پر گھر میں داخل ہوئے اور گھر والوں کو بھی زدوکوب کیا گیا۔ زبیر انجم کا موبائل فون اور پڑوس میں لگے کیمروں کی ڈی وی آر بھی ساتھ لے گئے۔
زبیر انجم کے بھائی وجاہت کے مطابق پولیس والوں نے پوچھنے پر بھی گرفتاری کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ زبیر انجم کو چپل پہننےکا مواقع بھی نہیں دیا، ہم بار بار پوچھتے رہے کہ معاملہ کیا ہے؟ اہلکار وردی میں تھے، سوائے ایک کے سب نے نقاب بھی پہنے ہوئے تھے اور سب کے ہاتھوں میں ٹی ٹی پستول تھے۔
دوسری جناب ایس ایس پی کورنگی کے مطابق انہیں زبیر انجم کی گرفتاری سے متعلق کوئی اطلاع نہیں، ان کا کہنا تھا کہ ضلع کورنگی کے کسی تھانے کی پولیس نے زبیر انجم کو گرفتار نہیں کیا۔