پاکستان ایک بار پھر 3 سال کے لیے اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل (ای سی او ایس او سی) کی نشست پر منتخب ہو گیا ہے، پاکستان یہ نشست یکم جنوری 2024 سے سنبھالے گا، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ یہ کامیابی بین الاقوامی سفارت کاری میں ہمارے مثبت کردار کا اعتراف ہے ۔
193 رکن ممالک کی جنرل اسمبلی میں رائے شماری کے دوران پاکستان کو 129 ووٹ ملے۔ پاکستان 3 ایشیائی نشستوں میں سے ایک پر مقابلہ کر رہا تھا۔ عراق، جاپان، نیپال اور تاجکستان بھی اس نشست کے لیے امیدوار تھے۔ انتخابات کے لیے دو تہائی اکثریت یعنی 124 ووٹوں کی ضرورت تھی۔
انتخابات میں کامیابی کے بعد اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اسے بہت بڑی کامیابی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہم ایک بڑے الیکشن میں پاکستان کی کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ ہماری کامیابی پاکستان کی اہمیت اور بین الاقوامی سفارتکاری میں اس کے مثبت کردار کا اعتراف ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امیر ممالک نے غریب ممالک کو شیطانی چکر میں پھنسا رکھا ہے ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
منیر اکرم نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان نئے عزم کے ساتھ زیادہ متحرک انداز سے اس بین الاقوامی اقتصادی فورم میں ایک بار پھر اپنا فعال کردار ادا کرے گا۔
کامیابی کے بعد موجودہ بحرانوں سے نکلنے میں بھی مدد ملے گی
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس کامیابی کے بعد موجودہ بحرانوں سے نکلنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے امکانات کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔
منیر اکرم کا مزید کہنا تھا کہ میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کرتا ہوں ۔ ایشیائی نشستوں پر الیکشن میں حصہ لینے والے دیگر ممالک میں جاپان 127 ووٹ، نیپال 145 ووٹ، عراق، 50، تاجکستان 120 ووٹوں لینے میں کامیاب ہوئے تاہم وہ نشست جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
پاکستان ماضی میں دس10 بار یہ نشست جیت چکا ہے
پاکستان ماضی میں اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل میں 10 بار خدمات سرانجام دے چکا ہے۔ یہ فورم بین الاقوامی اقتصادی اور سماجی مسائل پر بحث کرنے اور رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے نظام سے متعلق پالیسی کی سفارشات مرتب کرنے کے لیے مرکزی فورم کے طور پر کام کرتا ہے۔