آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم تنویر الیاس کی نشست پر ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیاء قمر نے کامیابی حاصل کر لی، سابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آزاد جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ کے تمام 189 پولنگ سٹیشنز کے حتمی نتائج سامنے آ گئے ہیں جس میں پیپلز پارٹی کے ضیاء القمر 25 ہزار 755 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں
نتائج کے مطابق دوسرے نمبر پر مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق منہاس رہے جنہوں نے 20 ہزار 285 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
جبکہ تحریک انصاف کے کرنل ضمیر خان 4 ہزار 300 ووٹ حاصل کر سکے۔
2سال پہلے اس نشست پر پی ٹی آئی کے سردار تنویر الیاس نے ساڑھے 5 ہزار ووٹوں کی سبقت سے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ یہ نشست سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی نا اہلی پر خالی ہوئی تھی۔