پانامہ اسکینڈل میں آنے والے 436 افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، سراج الحق

جمعہ 9 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، پانامہ اسکینڈل میں آنے والے 436 افراد کو سزا نہیں ملی، سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ’ ہم ایک کرپشن فری پاکستان چاہتے ہیں، کرپشن کی وجہ سے غربت اور مہنگائی ہے، کرپشن ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔‘

سراج الحق نے کہا کہ پانامہ اسکینڈل میں آنے والے 436 افراد کو سزا نہیں ملی، جن لوگوں نے پیسہ چھپا کر باہر کے ملکوں میں رکھا ہے ان سے ایک ایک پیسہ وصول کریں گے۔

انہوں نے کہا ’ہمارا کام نہیں کہ ریاست میں موجود 24 سے زائد اداروں کے پاس جائیں، یہ عدالت اور حکومت کا کام ہے، وہ ان اداروں سے پوچھے، میں اگر 25 اداروں میں جاؤں تو میری باقی عمر اسی میں لگ جائے، سب کا احتساب ہو، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ میرا چور زندہ باد، آپ کا چور مردہ باد۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ’پانامہ لیکس میں آنے والے ناموں میں سے صرف ایک شخص کے خلاف کارروائی کی گئی، ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں، جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف جہدوجہد جاری رکھے گی، ہم کرپشن فری پاکستان چاہتی ہے،اقتدار میں آکر ملک کا لوٹا ہوا ایک ایک پیسہ واپس پاکستان لائیں گے۔‘

پاناما پیپرز میں 436 پاکستانیوں کیخلاف تحقیقات کے لیے جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی، جس میں جسٹس امین الدین خان بھی شامل تھے۔

پاناما پیپرز میں سامنے آنیوالے 436 پاکستانیوں کیخلاف تحقیقات کے لیے جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق کی جانب سے 2017 میں دائر درخواست پر سماعت کے لیے سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز میں نامزد 436 افراد کے خلاف جے آئی ٹی کی تشکیل پر حکومت سے جواب طلب کر تے ہوئے سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp