آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردیں معاہدہ اس ماہ ہوجائے گا، وزیراعظم

جمعہ 9 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط  پوری کردی ہیں اور امید ہے کہ اس کے ساتھ معاہدہ اس ماہ ہوجائے گا۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کے نویں جائزہ اجلاس کے بعد امید ہے کہ وہ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے دے گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت  نے آئی ایم ایف معاہدے کی  پاسداری نہیں کی اور اپنے ہی کیے گئے معاہدے کی دھجیاں بکھیر دیں۔

انہوں نے کہا کہ  دوبارہ آئی ایم ایف کے ساتھ سرجوڑ کر بیٹھے ہیں اور کی تمام شرائط پوری کی ہیں تاہم اسٹاف لیول معاہدہ ابھی  تک سائن  نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب معاملہ آئی ایم ایف بورڈ میں جائے گا اور امید ہے آئی ایم ایف 9 ویں معاہدے کی بورڈ سے منظور لے لی جائے گی۔

وزیراعظم نے یہ بھی بتایا کہ ’میری آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ایک گھنٹہ ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ہے اور اب کوئی ایسی چیز باقی نہیں جو آئی ایم  ایف معاہدے میں رکاوٹ بنے‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے سعودی عرب اور یو اے ای نے ہمارا ہاتھ سنبھالا اور دونوں نے 3ارب ڈالر روپے کی مدد کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارے دیرینہ دوست چین نے ہماری بھرپور مدد کی۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ملک کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا اور متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت نے 100 ارب روپے خرچ کیے۔

وزیراعظم نے ذرعی اور آئی ٹی شعبوں پر خاص توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ گندم کی بمپر فصل ہوئی جب کہ کپاس کی بھی فصل اچھی ہوگی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے ملک کی معیشت کاجنازہ نکال دیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی بحران اور دیگر چیلنجز کی وجہ سے معاشی ترقی نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی ان حالات میں پس چکا ہے اگر اس کی تنخواہ میں اضافہ نہ کیا گیا تو اس کے لیے مشکلات مزید بڑھ جائیں گی لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ اتنا اضافہ کیا جائے کہ لوگوں کا گزارا ہوسکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گیس کی دنیا بھر میں قیمتیں کم ہوئی ہیں اور حکومت کوشش کر رہی ہے کہ کسی ملک سے نیا معاہدہ ہوجائے تاکہ قیمت کم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بھی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

روحیل اصغر شیخ ایڈوائزر تعینات

وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ ایڈوائزر کی ایک سیٹ خالی تھی جس پر روحیل اصغر شیخ  کو تعینات کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ روحیل اصغر کو ایڈوائز تعینات ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp