بجٹ 24-2023: ماضی کے مقابلے میں بجٹ اجلاس مختلف تھا، لیکن کیسے؟

جمعہ 9 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اب تک کا عمومی مشاہدہ یہ رہا ہے کہ قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کیے جانے کے موقع پر اپوزیشن کے غل غپاڑے کے باعث اسمبلی ہال ایک مچھلی بازار کا منظر پیش کررہا ہوتا تھا۔

اپوزیشن کی جانب سے بجٹ کاپیاں پھاڑ کر وزیر خزانہ اور اسپیکر کے سامنے اڑائی جارہی ہوتی تھیں جس کے باعث وزیر خزانہ کو بجٹ تقریر کے دوران شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑتا اور کبھی کبھار تو حکومتی اراکین وزیر خزانہ کے ارد گرد احتیاطاً ایک حصار بھی قائم کرلیتے تاکہ انہیں اپوزیشن کے کچھ جذباتی اراکین کی جانب سے ممکنہ دھول دھپے سے بھی محفوظ رکھا جاسکے۔

لیکن اس بار صورتحال یکسر مختلف تھی۔ جمعے کی شام نئے سال کے بجٹ پیش کیے جانے پر قومی اسمبلی ہال ایک پرسکون سیمینار جیسا لگ رہا تھا کہ جس میں ایک شخص تقریر کر رہا ہوتا ہے اور دیگر خاموشی سے اپنی نشستوں پر بیٹھے ہوتے ہیں۔ کچھ شرکا اپنے موبائل پر کچھ دیکھ رہے ہوتے ہیں اور بعض کوئی کتاب یا دستاویزات کی ورق گردانی کر رہے ہوتے ہیں۔

بالکل اسی طرح بیشتر حکومتی اور اپوزیشن اراکین بجٹ تقریر کے دوران موبائل استعمال کرتے رہے، جب کہ کچھ نے بجٹ کاپی میں سے چند صفحات پر نظر بھی ڈالی اور اس دوران بعض خواتین خوش گپیوں میں بھی مصروف رہیں۔

بجٹ اجلاس کا آغاز ہوا تو اسمبلی ہال میں ارکان اسمبلی کی تعداد کافی کم تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے آغاز میں ہی آ کر اپنی نشست پر براجمان ہوگئے تھے۔ اجلاس شروع ہوا تو دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں اور چترال ٹریفک حادثے میں انتقال کرنے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

اسحاق ڈار نے بجٹ تقریر کے آغاز میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج اتحادی حکومت کا دوسرا بجٹ پیش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے وہ نواز شریف کی حکومت کا سنہ 2017 اور گزشتہ نا اہل حکومت کا سنہ 2022 کا اقتصادی جائزہ پیش کریں گے۔

پاکستان کی تاریخ کے برعکس گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی وزیر خزانہ نے پر سکون انداز میں بجٹ تقریر کی جو ایک گھنٹہ 30 منٹ جاری رہی۔

قائد حزب اختلاف راجہ ریاض، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان سمیت اپوزیشن کے چند اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔ اپوزیشن اراکین میں سے بعض بجٹ دستاویز پڑھتے رہے جب کہ بعض کبھی تھوڑی دیر تقریر سنتے اور کبھی موبائل فون میں گم ہوجاتے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp