’پاکستان دشمن عمران خان کے پروپیگنڈے پر کان نہ دھرے جائیں‘برطانوی وزیراعظم کو خط

ہفتہ 10 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مسلسل اور ہر سطح پر اندرون اور بیرون ملک پاکستان مخالف زہریلی مہم چلائی ہے، پاکستان دشمن عمران خان کے پروپیگنڈے پر کان نہ دھرے جائیں۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ 9 مئی 2023 کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

بیرسٹر امجد ملک نے ان خیالات کا اظہار برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کو پاکستان کی صورت حال پر لکھے گئے تفصیلی خط میں کیا ہے۔ خط میں ان تمام واقعات کا احاطہ کیا گیا ہے جو عام شہریوں کے ذہن میں منڈلا رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ خط کا مقصد چئیرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاکستان کے خلاف شروع کی گئی بدنیتی کو واضح کرنا تھا۔

بیرسٹر امجد ملک نے خط میں لکھا ہے کہ9 مئی 2023 کو سیاسی پشت پناہی پر بلوائیوں نے ملکی اہم تنصیبات کو جلا دیا، شرپسندوں نے بابائے قوم کی رہائشگاہ جناح ہاؤس جیسی یادگاروں کی بے حرمتی کی اور اسے نذر آتش کیا، افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ 9 مئی 2023 کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ تمام طبقہِ فکر نے متفقہ طور پر 9 مئی 2023 کو ہونے والے فسادات اور آتش زنی کی مذمت کی ہے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ چئیر مین پی ٹی آئی کو 9 مئی کو پاکستان کے قومی احتساب بیورو نے 190 ملین پاؤنڈ کے کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا۔ چئیرمین پی ٹی آئی نے کارکنوں اور دہشت گردوں کو کارروائیوں کے لیے منظم کیا اور اکسایا جبکہ شر پسندوں کے فسادات کو روکنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔

خط کے مندرجات میں کہا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے تمام افراد کو عدالتوں کی طرف سے بروقت علاج کا مکمل حق دیا جا رہا ہے۔ ان فسادیوں کے خلاف فوجداری ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا جنہوں نے فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ سول سوسائٹی کی تنظیم اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے تمام خواتین قیدیوں کے لیے جیل کے حالات کا خود زمینی جائزہ لیا، انہیں کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

بیرسٹر امجد ملک نے لکھا کہ کوئی بھی ریاست سیاست کے لیے مسلح جدوجہد کی اجازت نہیں دے سکتی، امریکا اور برطانیہ، بھارت افغانستان پاکستان ایران شام عراق اور فلسطین میں جاری مسلح جدوجہد کرنے والےگروپس کو غیر قانونی قرار دے چکے ہیں۔ پاکستان انسانی حقوق کی پائمالی کیے بغیر بلوائیوں سے نبرد آزما ہے۔انٹرنیشنل کمیونٹی، امن و امان، بھائی چارے اور جمہوریت کو عموماً اور قانون کی حکمرانی کی خاص طور پر حمایت کرے۔

واضح رہے کہ بیرسٹر امجد ملک برطانیہ کی سپریم کورٹ کے سولیسٹر ایڈووکیٹ ہیں، آپ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے رکن اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تاحیات رکن بھی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp