پشاور: پولیس نے دہشت گرد کو ہلاک کر کے فلمی سین کر دکھایا

ہفتہ 10 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلموں میں لوگ اکثر کسی دہشت گرد یا ڈاکو کی لاش کو گاڑی کے ساتھ باندھنے کا سین دیکھتے تھے، لیکن پشاور پولیس نے ایسا عملی طور پر کر دکھایا۔ پشاور پولیس مبینہ دہشت گرد کو ہلاک کرنے کے بعد گاڑی کے بونٹ کے ساتھ باندھ کر تھانے لے آئی۔

یہ واقعہ پشاور کے حساس علاقے متنی میں پیش آیا ہے اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کر دی گئی۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تھانہ متنی کے پولیس اہلکار اور ایس ایچ او دن کے وقت بازار سے گزرتے ہیں اور پھر تھانے پہنچ کر ان کی گاڑی رک جاتی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کار کے پیچھے ایک بکتر بند گاڑی بھی آرہی ہے، جس کے بونٹ پر ایک شخص کی لاش کو رسیوں کے ساتھ مضبوطی سے باندھ دیا گیا ہے۔

سولہ سیکنڈ کی مختصر ویڈیو میں پولیس اہلکار کو گاڑی میں آتے اور پھر اترتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ جب کہ بکتر بند گاڑی کے بونٹ پر بندھی لاش کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس اہلکار اور ایس ایچ او  تھانے پہنچنے کے بعد گاڑی سے اتر جاتے ہیں جس کے بعد ویڈیو ختم ہو جاتی ہے۔ اس کے بعد لاش کو کس طرح اترا گیا اور کہاں منتقل کیا گیا کچھ معلوم ہے نا ہی پولیس کچھ تفصیلات بتا رہی ہے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایس ایچ او معطل

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سی سی پی او پشاور نے فوری اس کا نوٹس لیا۔ سی سی پی او آفس سے جاری بیان کے مطابق ایس ایچ او کو معطل کرکے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ 6 جون کو تھانہ متنی کی حدود میں پیش آیا تھا۔ جہاں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی کے دوران مبینہ دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 زخمی ہوئے تھے۔

 واقعے کے بعد سرچ آپریشن بھی شروع کیا گیا اور علاقے کو کلئیر کرنے کے بعد ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ متنی کے حوالے کیا گیا تھا، جس کے بعد تھانہ متنی کی پولیس نے لاش کو بکتر بند گاڑی کے سامنے بونٹ پر باندھ کر پہلے بازار میں گھومایا اور پھر تھانے منتقل کیا۔

صوبے میں پہلے ایسا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگ اس واقعے کی مذمت کر رہے ہیں۔ پشاور میں نجی ٹی وی سے وابستہ سینئر کرائم رپورٹر سجاد حیدر نے وی نیوز کو بتایا کہ لاش کو اس طرح باندھ کر تھانے منتقل کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان کے اندرپہلی بار اس طرح کا واقعہ دیکھ رہے ہیں۔ جب دہشت گردی عروج پر تھی آئے روز پولیس، افواج پاکستان اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی تھیں لیکن اس طرح کا انسانیات سوز واقعہ پہلے نہیں دیکھا گیا۔

سجاد حیدر نے وی نیوز کو بتایا کہ پولیس مقابلے میں ہلاک کسی بھی دہشت گرد کی لاش کو تفتیش اوراس کے نمونے لینے کے بعد پولیس خود ہی اکثر دفنا دیتی ہے۔

دہشت گردوں کے ساتھ پولیس مقابلے کا پس منظر

پشاور پولیس نے ویڈیو کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے اور تصدیق کی ہے کہ متنی کے علاقے میں کچھ دن پہلے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوئے تھے۔

واقعہ 6 جون کو پیش آیا تھا جس کے بارے میں ایس ایس پی کاشف آفتاب عباسی نے پولیس لائن میں ایک پریس کانفرنس بھی کی تھی۔  کاشف عباسی نے بتایا تھا کہ متنی کے علاقے میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ  دہشت گردوں کا مقابلہ ہوا جس میں فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے۔

ایس ایس پی نے پریس کانفرنس میں ہلاک دہشت گرد کے حوالے سے بتایا تھا کہ دہشت گرد گروپ ’شینا‘ سے تعلق رکھتے تھے۔ جو متنی کے علاقے میں چیک پوسٹ کے قریب بھتہ وصولی اور وال چاکنگ میں ملوث تھے جب کہ ان سے بارودی مواد بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp