روسی خام تیل کا پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا، ایک اور وعدہ پورا کر دیا، وزیراعظم

اتوار 11 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی طرف سے منگوائے گئے روسی خام تیل کا پہلا جہاز کراچی بندر گاہ پر پہنچ گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی جہاز 45 ہزار میٹرک ٹن خام تیل لے کر کراچی کی بندر گاہ پر پہنچا ہے۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جہاز کراچی پورٹ کی آئل پیئر 2 پر تیل کی ترسیل کرے گا۔

پیر سے تیل کی ترسیل کا آغاز ہو جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ روسی تیل کا جہاز کراچی پہنچنا عوام کے ساتھ کیے گئے ایک اور وعدے کی تکمیل ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے نہایت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ روس سے رعایتی قمیت پر خریدی گئی پہلی خام تیل کی کھیپ کراچی پہنچ گئی ہے اور اسے پیر کو بحری جہاز سے اتارنے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کا دن تاریخ میں ایک تاریخی تبدیلی کے دن کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ ہم نے خوشحالی، معاشی ترقی، توانائی سلامتی اور کم لاگت ایندھن کی فراہمی کی طرف پہلا اور انتہائی اہم قدم اٹھایا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ روس سے پاکستان آنے والی تاریخ میں خام تیل کی یہ پہلی کھیپ ہے اور یہ روس اور پاکستان کے مابین تعلقات کے ایک نئے باب کی شروعات ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں ان تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہتا ہوں جو اس قومی اقدام کی تکمیل میں شریک رہے اور روس سے خام تیل کی درآمد کے وعدے کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں روس سے خام تیل لے کر جہاز بہت جلد پاکستان پہنچ رہا ہے، وزیر مملکت مصدق ملک

یہ بھی واضح رہے کہ 20 جنوری کو اسلام آباد میں دونوں ممالک کے حکومتی نمائندوں کے درمیان اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں پاکستان نے تیل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے بعد گفتگو میں وزیر توانائی مصدق ملک نے کہا تھا کہ روس سے خام تیل کی خریداری اور پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن سے متعلق اسٹرکچرکو مارچ میں حتمی شکل دی جائےگی، ہم مارچ میں روس سے خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل درآمد کرنا شروع کردیں گے۔

کیا روسی خام تیل کی درآمد سے پاکستان میں پیٹرول 100 روپے تک سستا ہوسکتا ہے؟

ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے روس سے خام تیل کی خریداری کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ جس کے بعد خام تیل کا پہلا جہاز بالآخر پاکستان پہنچ گیا ہے۔

روس سے تیل کی درآمد کو پیٹرول کی قیمتوں میں 100 روپے فی لیٹر تک متوقع کمی سے منسلک کیا جارہا ہے جب کہ ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق ایسا ممکن نہیں۔

روس سے بذریعہ اومان پاکستان درآمد ہونے والا خام تیل نمونہ کے طور منگوایا گیا ہے، جسے ریفائن کرنے کے بعد معلوم ہو گا کہ اس پر کتنی لاگت آتی ہے اور کیا یہ سستا ہے یا نہیں۔

روس سے درآمد خام تیل پر کیا لاگت آئے گی؟

ذرائع وزارت پیٹرولیم نے گزشتہ ماہ ’وی نیوز‘ کو بتایا تھا کہ حکومت نے روس سے فی الحال ایک ہی خام تیل کا جہاز منگوایا ہے جو کہ بطور سیمپل ہے۔ اس خام تیل پر 10 ڈالر فی بیرل ٹرانسپورٹیشن خرچ آئے گا جبکہ 8 ڈالر ریفائن کرنے پر خرچ ہوں گے۔

ان کے مطابق اس تیل کی ریفائننگ کے بعد ہی معلوم ہو گا کہ اس کو قابل استعمال بنانے پر کیا لاگت آئے گی؟۔ ذرائع وزارت پٹرولیم کے مطابق یہ بات واضح ہے کہ روس سے خام تیل لے کر آنیوالے اس پہلے جہاز سے ملک میں پیٹرول کی قیمت پر فرق نہیں پڑے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp