یوتھ کنونشن: اقتدار ملا تو نوجوانوں کے لیے بہترین پالیسیاں بنائیں گے، مسلم لیگ ق

اتوار 11 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (سابقہ ق لیگ) کے زیر اہتمام یوتھ ونگ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی قائدین نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو اقتدار ملا تو وہ نوجوانوں اور آئی ٹی سیکٹر کو سامنے رکھ کر پالیسیاں بنائیں گے۔ ملک کی ایک جماعت نے 9 مئی کے دن نوجوانوں کو گمراہ کیا۔

لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (سابقہ ق لیگ) کے زیر اہتمام منعقدہ یوتھ  کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے کرپٹ تھے۔ ملک وسائل سے مالا مال ہے، نوجوانوں کے پاس ٹیلنٹ ہے انہیں استعمال کے لیے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری زندگی کا مقصد عوام کو ملے زخموں پر مرہم لگانا ہے، ماضی گواہ ہے مشکل وقت میں لوگوں کے ساتھ کھڑا رہا ہوں۔ جب یہ جماعتیں ورکرز کو چھوڑتی ہیں تو میں بھی ان کو چھوڑ دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں سیلاب اور زلزلے میں لوگوں کی مدد کے لیے سب سے پہلے پہنچا اس وقت کچھ لوگوں نے سیاست کو تجارت بنا لیا ہے۔ غریب صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے جب کہ حکمرانوں کے پروٹوکول ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے عام انتخابات سے پہلے عوام کو اپنی پارٹی کا منشور اور ایک جامع پرواگرام دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارش اور میرٹ کے برعکس کام ہو گا تو پھر ملک کا یہی حال ہونا ہے۔

رواداری کی سیاست کے قائل ہیں، نوجوان کسی پارٹی کے پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں: شافع حسین

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (سابقہ ق لیگ) پنجاب کے جنرل سیکرٹری شافع حسین نے  کہا کہ سیاست کا آغاز ہمارے خاندان میں میرے دادا ظہور الٰہی نے شروع کیا تھا، جسے چوہدری شجاعت حسین نے اگے بڑھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے خاندان نے ہمیشہ رواداری کی سیاست کی، یہی وجہ ہے کہ  چوہدری شجاعت حسین اور ان کے بچوں پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے۔ چوہدری سرور پر بھی کسی قسم کی کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر ایک پارٹی کے پروپیگنڈے کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ ایک سیاسی پارٹی سوشل میڈیا پر پراپیگنڈا کرنے میں ماہر ہے، ہمارے نوجوانوں کو تعلیم کے حصول کے لیے محنت کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے شعبے میں کام کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ بیرون ممالک ہنر مند لوگوں کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ جب کہ پاکستان میں آئی ٹی صنعت کے فروغ اور مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

تقریر میں افواج پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہونا چاہیے اور سوشل میڈیا پر فوج مخالف پروپیگنڈے پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ یوتھ کنونشن کی صدارت مرکزی صدر پی ایم ایل یوتھ وںگ کامران عثمانی نے کی جب کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے کنونشن میں شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp