سپریم کورٹ کا مارگلہ ہلز میں مائننگ پر تشویش کا اظہار، تفصیلات طلب کر لیں

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے مارگلہ ہلز میں مائننگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چاروں صوبوں سے جنگلات کی زمینوں کو واگزار کرانے اور مارگلہ کے پہاڑوں پر مائننگ بارے تفصیلات طلب کر لیں۔

سپریم کورٹ میں جنگلات کی زمینوں پر قبضے کیخلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد کی طرف والے مارگلہ کے پہاڑوں پر درخت نظر آتے ہیں، مارگلہ ہلز کی دوسری طرف مائننگ ہو رہی ہے۔

حکومتی وکیل نے جواب دیا کہ وہ علاقہ خیبرپختونخوا میں آتا ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جنگلات کی زمینوں پر تجاوزات قائم کی جا رہی ہیں، استفسار کیا کہ حکومتیں درخت لگانے کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہیں، صوبائی حکومتیں بتائیں کتنے درخت بیچے گئے؟ اب تک کتنے درخت لگائے جا چکے ہیں؟

عمر عطا بندیال نے کہا کہ کیا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت محکمہ جنگلات کی زمین لیز پر دی جا رہی ہے، اس پر صوبائی حکومتوں کے وکلا نے کہا کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں تمام لیزز منسوخ کر دی گئی ہیں، کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp