75 برس سے الیکٹیبلز کی سیاست چل رہی ہے، ہم نئے چہرے لانا چاہتے ہیں: چوہدری محمد سرور

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پچھلے 75 برس سے الیکٹیبلز کی سیاست چل رہی ہے، ہم پاکستان میں نئے چہرے لانا چاہتے ہیں۔ سیاست الیکٹیبلز کے نرغے سے نہیں نکل سکی، شاہدرہ میں بغیر الیکٹیبلز کے الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے صدر چوہدری محمد سرور نے مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ میں لوگوں کی شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر سے تحریک انصاف کے درجنوں افراد پاکستان مسلم لیگ کا حصہ بنے ہیں۔ عارف والا سے قومی اسمبلی کے امیدوار وسیم طفر جٹ، پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے میاں حمزہ کرامت، پی پی 145 سے اطہر خان سمیت درجنوں یو سی ناظم اور کونسلرز بھی پی ایم ایل میں شامل ہوئے ہیں۔

چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ افسوس ہماری سیاست الیلکٹیبلز کے گرد گھومتی ہے، بدقسمتی سے پارٹیوں میں ورکرز کو عزت نہیں دی جاتی، میں سیاست کو ایک ہزار خاندانوں سے نکال کر 24 کروڑ عوام میں لانا چاہتا ہوں اگر 2 سال مل جاتے تو پورے ملک میں بھرپور سیاست کرتے اور سسٹم بناتے۔

انہوں نے کہا کہ لندن میں بہت سے لیڈرز رہتے ہیں کسی سے بھی مشاورت ہو سکتی ہے۔ ہماری جماعت میں عوام، لوگ، وکیل اور کسان آرہے ہیں۔ اسٹیٹس کو سے پورا پاکستان تنگ ہے، ہمارے امیدواروں کی اکثریت نوجوانوں اور مڈل کلاس پر مشتمل ہوگی، ہم سب مڈل کلاس سے تعلق رکھتے ہیں۔

چودھری محمد سرور نے کہا کہ تحریک انصاف سے بہت سی غلطیاں ہوئیں، عمران خان ساتھیوں سے مشاورت کے ساتھ چلتے توآج ایسے حالات نہ ہوتے۔ ہمارا سیاسی سسٹم تباہ ہوچکاہے، غریب آدمی کا الیکشن لڑنا مشکل ہے۔ الیکشن کا اعلان ہونے پر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp