دوسری شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا کہ دوسری شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے بلکہ مجھے تو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ پہلی شادی کس سے، کب اور کس طرح ہو گئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران نجی زندگی پر کھل کر بات کی اور کہا کہ جب ایک عورت کسی انسان کے لیے اپنا گھر چھوڑ کر آتی ہے تو اس انسان کو بھی اس کے لیے بہت کچھ چھوڑنا پڑتا ہے۔

’اسلام 4 شادیوں کی اجازت دیتا ہے لیکن میں ایک ہی عورت کے ساتھ زندگی گزارنے کا قائل ہوں۔‘

شعیب اختر نے اپنی شادی کے حوالے سے دلچسپ قصہ سناتے ہوئے کہا کہ میری والدہ اور اہلیہ کی ملاقات حج کے دوران ہوئی، جہاں ساس نے میری والدہ کی خوب خدمت کی کیونکہ وہ انہیں کوئی پیرنی سمجھ رہی تھیں۔‘

سابق فاسٹ باؤلر نے بتایا کہ والدہ نے ان کی ساس کی غلط فہمی دور کی کہ وہ کوئی پیرنی نہیں ہیں بلکہ قومی کھلاڑی کی والدہ ہیں اس لیے لوگ ان سے اتنی عقیدت سے مل رہے ہیں۔

سابق کرکٹر شعیب اختر نے بتایا کہ حج سے واپسی پر کھانے کی ایک تقریب میں میری والدہ نے مجھے خاتون سے ملوایا اور کہا کہ یہ تمہاری ہونے والی بیوی ہے، اب چونکہ میں نے والدہ کی کبھی کوئی بات ٹالی نہیں تھی اس لیے میں نے کہہ دیا کہ مجھے منظور ہے۔

شعیب اختر نے مزید بتایا کہ 10 سے 15 افراد کی موجودگی میں ان کا نکاح ہوا اور وہ اہلیہ کو رُخصت کرکے گھر لے آئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی اہلیہ (رباب خان) ایک نہایت نفیس اور سادہ خاتون ہیں، وہ میڈیا پر آنا پسند نہیں کرتیں اورپردے کا بھی بہت خیال کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کی فیملی میڈیا سے دور رہتی ہے۔

واضح رہے کہ شعیب اختر 2014 میں ایک نجی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کے ان کے 2 بیٹے بھی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp