قومی اسمبلی، سانحہ 9 مئی کی پاداش میں تحریک انصاف کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کی طرف سے پیش کی قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا کہ جن لوگوں نے 9 مئی کو ملکی تنصیبات پر حملے کیے ان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے۔

قرا داد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک جماعت اور اس کے قائد نے 9 مئی کو تمام حدیں پار کیں، آئین اور قانون کے تحت کارروائی مکمل ہونی چاہیے۔ دنیا میں کہیں بھی فوجی تنصیبات پر حملہ ہو تو اس پر کارروائی کا اختیار فوج کو ہوتا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو 2 صوبوں میں فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے اور یہ سب ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو دشمن سرحد پار سے حملہ کرے اس کا علاج ہونا چاہیے جیسے ہوتا ہے اور اگر کوئی ملک کے اندر ایسا کرتا ہے تو اس کے خلاف بھی کارروائی ضروری ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا نظام کمپرو مائز ہو چکا ہے۔ اس وقت جب ہماری فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے تو ایک سیاسی پارٹی ان کے خلاف جنگ چھیڑ دے تو کیسے اس کو قبول کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم پچھلے 14 ، 15 سال سے لڑ رہے ہیں۔ اقتدار سے محروم ایک شخص نے ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ فوجی تنصیبات پر حملے عبدالاکبر چترالی برداشت کر سکتے ہیں لیکن ہم نہیں کر سکتے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہم نے کوئی نیا قانون نہیں بنایا جو قوانین موجود ہیں انہی کے تحت سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کے خلاف ٹرائل ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp