القادر ٹرسٹ کیس: نیب نے بشریٰ بی بی کو طلب کر لیا

پیر 12 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی احتساب بیور (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ’القادر ٹرسٹ‘ کیس میں 13 مئی پیر کو طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نوٹس جاری کیا ہے کہ وہ 13 مئی پیر کو احتساب عدالت میں پیش ہوں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ’نیب‘ کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے آپ کو ’القادر ٹرسٹ‘ کیس میں یکم اور پھر 7 جون کو طلب کیا لیکن آپ حاضر نہیں ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں:القادر ٹرسٹ کیس: نیب کی ٹیم بشری بی بی کو نوٹس وصول کروائے بغیر واپس روانہ

 نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بار بار احتساب عدالت میں طلبی کے باوجود آپ حاضر نہیں ہوئیں، اس لیے آپ اپنے خاندان کے کسی مرد رکن کے ہمراہ 13 مئی پیر کو دن 11 بجے نیب کے دفتر حاضر ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کروائیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی احتساب بیورو کی 2 رکنی ٹیم نے زمان پارک میں ان کے گھر جا کر بشریٰ بی بی سے نوٹس وصول کروایا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 17 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں نیب کی ٹیم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نوٹس موصول کروانے میں ناکام رہی تھی 2 گھنٹے انتظار کے بعد نیب کی ٹیم بغیر نوٹس وصول کرائے واپس روانہ ہو گئی تھی۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو(نیب) کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض نے وزیرِاعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو ’القادر ٹرسٹ‘ یونیورسٹی کے لیے موضع برکالا، تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم میں واقع 458 کنال، 4 مرلے اور 58 مربع فٹ زمین عطیہ کی ہے جس کے بدلے میں مبیّنہ طور پر عمران خان نے ملک ریاض کو 50 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا تھا۔

گزشتہ سال اکتوبر 2022 میں نیب نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی تھی۔ نیب دستاویزات کے مطابق 3 دسمبر 2019 کو عمران خان کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں ملک ریاض کو برطانیہ سے ملنے والی 50 ارب روپے کی رقم بالواسطہ طور پر واپس منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp