فلم پٹھان کی کامیابی ثابت کرتی ہے کہ شاہ رخ خان کا سحر برقرار ہے۔آپ شاہ رخ خان کے مداح ہوں یا نہ ہوں اور ممکن ہے آپ نے یہ فلم بھی نہ دیکھی ہو مگر اس بات کا امکان باقی ہے کہ آپ نے پٹھان کا ذکر ضرور سنا ہوگا ۔
پٹھان کی ریلیز سے قبل انڈیا میں اس کے بائیکاٹ کی منظم مہم چلائی گئی لیکن باکس آفِس پر پٹھان کی کارکردگی نے ناقدین کو چاروں شانے چت کر دیا ۔
شاہ رخ خان کی اِس نئی امر اکبر انتھونی فلم نے کچھ ہی دنوں میں چھ سو کروڑ سے زیادہ کما لیے یہ اِس بات کی طرف اشارہ ہے کہ انڈیا میں فلم دیکھنے والوں کو فلم بری نہیں لگی ۔
فلم 25 جنوری کو ریلیز ہوئی اور ریلیز کے پہلے دن سے ہی یہ فلم ہر روز کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کرتی جا رہی ہے۔
یش راج فلمز کے مطابق ریلیز کے پہلے ہی دن پٹھان نے دنیا بھر کے سینما گھروں میں 106 کروڑ انڈین روپے کمائے جس میں سے ستاون کروڑ کمائی صرف انڈیا میں ہوئی۔
انڈین فلموں کے ناقد کومل نہاٹا کے مطابق ’تاریخ میں کسی بھی ہندی فلم کی یہ اب تک کی سب سے بڑی اوپننگ ہے۔ وہ بھی تب جب کوئی چھٹی یا بڑا دن نہیں تھا اور نہ ہی یہ فلم کوئی سیکویل تھی۔‘
سات دن کے اندر پٹھان نے دنیا بھر میں 600 کروڑ سے زیادہ کمائے۔ جس میں لگ بھگ 400 کروڑ کی کمائی صرف انڈیا میں ہوئی جبکہ بیرون ملک فلم نے ایک ہفتے میں 239 کروڑ کمائے ۔
یش راج فلمز کا دعویٰ ہے کہ ہندی سینما کی تاریخ میں ’پٹھان‘ سب سے کم عرصے میں اتنی زیادہ کمائی کرنے والی بالی وڈ فلم ثابت ہوئی ہے۔