ماہرین فلکیات نے پاکستان اور پوری مسلم دنیا میں اسلامی مہینے ذی الحج کا چاند نظر آنے کی ممکنہ تاریخ بتا دی ہے، عرب ممالک میں عید الاضحٰی 28 جون جبکہ پاکستان میں 29 جون کو ہونے کا امکان ہے۔
عالمی فلکیاتی مرکز (آئی اے سی) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ توقع کی جارہی ہے پیر 19 جون کو کئی ممالک میں ذوالحج کا پہلا دن ہوگا، اور منگل 27 جون عرفہ کا دن ہوگا، اور بدھ 28 جون کو عیدالاضحیٰ کا پہلا دن ہوگا۔
ماہر فلکیات کے مطابق پاکستان میں 18 جون کو 28 ذوالقعد ہوگی اور چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر 19 جون یعنی 29 ذوالقعد کو ہوگا، اس طرح پاکستان میں یکم ذوالحج منگل 20 جون یا یا بدھ 21 جون کو متوقع ہے۔ اس لہاظ سے پاکستان میں عید الاضحیٰ جمعرات 29 جون یا جمعہ 30 جون کو ہونے کا امکان ہے۔
عالمی فلکیاتی مرکز کا کہنا ہے کہ اسلامی دنیا کے متعدد ملکوں میں ذوالحج کے مہینے کا چاند دیکھنے کی کوشش اتوار 18 جون کو کی جائے گی لیکن 18 جون کو اسلامی دنیا کے بیشتر ملک جن میں وسطی اور مغربی ممالک شامل ہیں وہاں دوربین کے ذریعے چاند کا دیکھائی دینا مشکل ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اسلامی دنیا کے مشرقی ممالک میں 18 جون بروز اتوار کو چاند کا نظر آنا کسی بھی طرح ممکن نہیں ہے، اس لیے توقع کی جا سکتی ہے کہ ان ممالک میں عید الاضحیٰ 29 جون کو ہی ہوگی۔
ماہرین فلکیات کے مطابق سورج غروب ہونے کے 7 منٹ بعد جکارتا میں چاند بھی غروب ہوجائے گا، اس وقت چاند کی عمر ساڑھے 6 گھنٹے ہوگی، ابو ظہبی میں سورج غروب ہونے کے 29 منٹ کے بعد چاند غروب ہوگا جس کی عمر 12 گھنٹے ہوگی، دونوں ملکوں میں دوربین کے ذریعے بھی چاند کے دکھائی دینے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
ریاض میں سورج غروب ہونے کے 31 منٹ بعد چاند بھی غروب ہوگا اس وقت چاند کی عمر صرف 13 گھنٹے ہوگی، عمان اور بیت المقدس میں چاند 13 گھنٹے کی عمر کے ساتھ، سورج غروب ہونے کے 37 منٹ تک رہے گا۔