ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں کوئی اختلاف نہیں، وزیر داخلہ رانا ثنا نے وضاحت کردی

منگل 13 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے معاملے پر کسی بھی پارٹی کی رائے ہوسکتی ہے مگر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، آصف زرداری تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے کے قائل ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیشی کے موقع پر اپنے کسی بھی الزام کا ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ اور ان کا بیان تحریر کرنے کے بعد دستخط کروائے گئے ہیں جبکہ جے آئی ٹی نے عمران خان کو جھوٹا قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جے آئی ٹی کے سامنے کہتے ہیں کہ میں نے فوج کے سینیئر آفیسر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف اپنے قتل کا جو الزام لگایا تھا یہ بات مجھے کسی نے بتائی تھی، جب پوچھا گیا کہ وہ کون تھا تو کہتے ہیں کہ یہ یاد نہیں رہا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کے تمام بیانات بے بنیاد ہیں اور ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ الزامات سے متعلق جے آئی ٹی کو کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اعتراف کیا کہ جتنے بھی الزامات لگائے ان کی کوئی بنیاد اور ثبوت نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الزامات لگانے اور جھوٹ بولنے میں چیئرمین پی ٹی آئی کوئی ثانی نہیں رکھتے۔

عمران خان ملک میں بغاوت کی تیاری کر رہا تھا

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک میں بغاوت کی تیاری کر رہا تھا اور اس کے لیے ٹائیگر فورس بنا کر ان کو باقاعدہ تربیت دی گئی۔ جبکہ سرکاری خزانے سے ان کو قرضے بھی دلوائے گئے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان ایک سال سے لوگوں کو منظم کر رہا تھا کہ جب مجھے گرفتار کیا جائے گا تو آپ نے کیا کرنا ہے مگر ملک اور قوم کی خوش بختی ہے کہ اس کے عزائم ناکام ہوئے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کو گمراہ کیا۔ نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر بھرا گیا۔ یہ 10 لاکھ افراد کی ٹائیگر فورس تیار کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو افواج پاکستان کے شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا تو عوام اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہو گئے۔ عمران خان پر 7 کیسز ایسے ہیں جن میں آرمی ایکٹ کا اطلاق ہوتا ہے۔

سانحہ 9 کے ذمہ داروں کے خلاف قانون اپنا راستہ لے گا

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت اور عسکری قیادت کی طرف سے پیغام ہے کہ قانون اپنا راستہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ملکی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے چاہے عمران خان کے پروپیگنڈے کا شکار ہوئے یا خود ایسے کیا کسی کو بھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ ہاں سزا میں کمی بیشی ہو سکتی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے پوری دنیا میں ایک منظم پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے مگر محب وطن پاکستانیوں کی طرف سے ایسا کرنے والوں کو بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔

پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کے تانے بانے اسرائیل اور دوسرے ممالک سے ملتے ہیں

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم چلانے والوں کے تانے بانے اسرائیل اور کچھ دوسرے ممالک کے ساتھ مل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایک خود ساختہ واقعہ کروا کر ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا پلان بنایا تھا جو ہم نے بروقت بے نقاب کر دیا۔ پھر انہوں نے کہا کہ جیل میں خواتین کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کا ایک ناسور تھا جس کا اصل چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ اس نے 9 مئی کو بہتر انداز سے اپنی شناخت کرا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف کے ڈیٹا لیک کیس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہو چکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp