امپورٹڈ سرکار نے اپنے ملازمین پر مشتمل جے آئی ٹی بنا رکھی ہے: رانا ثنا کی پریس کانفرنس پر پی ٹی آئی کا رد عمل

منگل 13 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان برملا شہباز شریف، رانا ثنااللہ اور جنرل فیصل نصیر کے خلاف شواہد حکومتی اثر سے آزاد تحقیقاتی کمیشن کے سامنے رکھنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے امپورٹڈ سرکار نے اپنے ملازمین پر مشتمل جے آئی ٹی بنا رکھی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف محض قانون کی حکمرانی کے احترام میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔

ترجمان کے مطابق رانا ثنا اللہ وزیرآباد میں چیئرمین تحریک انصاف پر حملے کے 3 نامزد ملزمان میں سے ایک ہیں۔ یہ شخص جانتا ہے کہ آزادانہ تحقیقات کی گئیں تو بچ نکلنا ناممکن ہے۔

عمران خان پر حملے کی تحقیقات کو سبوتاژ کیا جا رہا ہے

انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش سازش میں طاقتور عناصر کے کردار کی روشن دلیل ہے۔ 9 مئی کے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کی بجائے ان کی آڑ میں تحریک انصاف پر الزام تراشی کے مقاصد بھی قوم پر پوری طرح واضح ہوچکے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مودی کے سپانسرز سے کاروباری تعلقات بنانے اور جلسوں میں عسکری قیادت پر کیچڑ اچھالنے والوں سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹس لینے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ نواز شریف کی سرپرستی میں کی جانے والی ڈان لیکس کو بھارت نے عالمی عدالتِ انصاف میں کلبھوشن کے حق میں ثبوت کے طور پر پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہندوتوا سرکار سے رانا ثنااللہ کی جماعت کے مراسم کا پردہ خود بھارتی صحافی برکھا دت نے اپنی تصنیف میں چاک کیا۔ تحریک انصاف کے خلاف ملک دشمنی کا بیانیہ، ملک اور فوج کے حقیقی دشمنوں کی جانب سے عوام اور فوج کو مدِّ مقابل کرنے کی سازش کا شاخسانہ ہے۔

پی ٹی آئی کو کچلنا مثبت نتائج مرتب نہیں کرے گا

ترجمان نے مزید کہا کہ بلاتحقیق پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو کچلنے کے لیے 9 مئی کے واقعات کا استعمال کوئی مثبت نتائج مرتب نہیں کرے گا۔ ریاست اور ادارے رانا ثنا اللہ جیسے مجرموں کے جھوٹوں پر یقین کرکے آئین، سیاست اور عوام کے خلاف جارحانہ اقدام سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ مجرموں کے مکروہ اور فریب بیانیوں کے جال میں اترنے کی بجائے زمینی حقائق کی روشنی میں ملک و قوم کے مفاد میں فیصلے کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ننگی طاقت، بےجا الزام تراشی اور انسانی حقوق سے محروم کرکے جھکانے کی کوششوں سے مرعوب ہوں گے نا ہی پُرامن سیاسی، آئینی اور جمہوری جدوجہد کا راستہ ترک کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان جے آئی ٹی کو اپنے الزامات کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا جس کی بنیاد پر جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے ان کو جھوٹا قرار دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp