وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جس جس شخص نے 9 مئی کے واقعہ کی پلاننگ کی اور اس کو مانیٹر کیا وہ محب وطن نہیں ہو سکتا۔ ایسے لوگ ملک دشمن ہیں۔
جناح ہاؤس دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان لوگوں نے شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا۔ ایم ایم عالم کے جہاز، کیپٹن شیر خان کے مجسمہ کو نذر آتش کیا گیا۔
مزید پڑھیں
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سازش کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ ریاست ہمیشہ ریڈ لائن ہوتی ہے اور اس کو پار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ سازشی فتنہ ملک کو دیمک کی طرح کھا گیا۔ اس شخص نے نفرت کی آگ میں بچوں کو پھینکا اور اب ان کے والدین عدالتوں میں رُل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی سیاہ ترین دن اور کرپشن سے بچنے کے لیے اب الزامات لگا رہا ہے کہ خواتین کے ساتھ ریپ کیا جا رہا ہے۔ اس شخص کو شرم و حیا تک نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے ہدایات دی ہیں کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جیل میں قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔