بحیرہ ہند میں سمندری طوفان بیپر جوائے پاکستان کے صوبہ سندھ اور بلوچستان کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی بھی ان مقامات میں شامل ہے جو طوفان کے نشانے پر بتائے جا رہے ہیں۔
پاکستانی فوج اور دیگر اداروں کی جانب سے ممکنہ طور پر متاثر ہو سکنے والے علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
سمندری طوفان جوں جوں ساحلی علاقوں کے قریب آ رہا ہے درست اور غلط معلومات عام ہونے کا سلسلہ بھی اتنا ہی تیز ہوتا جا رہا ہے۔ ایسے میں ایک اطلاع یہ بھی سامنے آئی ہے کہ بیپر جوائے طوفان کی وجہ سے کراچی ائیرپورٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق سمندری طوفان کے حوالے سے کراچی ائرپورٹ بندش کی خبریں درست نہیں ہیں۔
ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خراب موسم کی پیشگوئی کی صورت میں ائیرپورٹس پر طے شدہ ایس او پیز کے تحت حفاظتی اقدامات کیے جاتے ہیں۔ ائیرپورٹس پر ہوا کی رفتار اور موسم کے حوالے سے پائلٹس کو مسلسل با خبر رکھا جانا معمول کی بات ہے۔
بدھ کو جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر معمولی حالات میں پائلٹس زمینی و مووسمی حقائق دیکھتے ہوئے ٹیک آف یا لینڈنگ کے لئے قریبی موزوں منزل کا فیصلہ کرتے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی اس حوالے سے ائیرلائنز اور پائلٹس کو پہلے ہی احتیاط برتنے کا نوٹم (عندیہ) جاری کرچکی ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق خراب موسم میں ائرلائنز کی جانب سے شیڈولز میں خلل پڑسکتا ہے۔