ایندھن کے شعبے میں کام کرنے والے ملٹی نیشنل ادارے شیل نے پاکستان میں اپنے شیئر فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
شیل پاکستان کی جانب سے بدھ کو بتایا گیا ہے کہ ان کے مالک ادارے نے پاکستان میں اپنے شیئر فروخت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
شیل پیٹرولیم کمپنی جو کہ شیل پاکستان کا مالک ادارہ اور اس کے 77 فیصد شیئرز کا مالک ہے، 2022 میں ایکسچینج ریٹ، روپے کی قدر گرنے اور دیگر مسائل کی وجہ سے خسارے میں رہا تھا۔
شیل کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ’شیل پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 14 جون کو ہونے والی میٹنگ کو شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نے اپنے شیئرز فروخت کرنے کے بارے میں بتایا ہے۔‘
خط میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ’اس اعلان سے پاکستان میں شیل پاکستان لمیٹڈ کی جاری کاروباری سرگرمیوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘
شیل پاکستان کا اسٹاک ایکسچینج کو لکھا گیا خط سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اسے ’پاکستان میں شیل کا کاروبار بند کرنے کے اعلان‘ سے تعبیر کیا گیا۔
معاشی شعبے سے وابستہ تجزیہ کار سمیع اللہ طارق نے خط شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’شیل کا پاکستان چھوڑنے کا عندیہ‘۔
Shell intends to leave Pakistan pic.twitter.com/38okRjZ2Ue
— Samiullah Tariq (@samigodil) June 14, 2023
حصص کے کاروبار سے وابستہ پاکستانی ادارے عارف حبیب لمیٹڈ کے سی ای او شاہد علی حبیب نے لکھا کہ ’ایک اور ملٹی نیشنل کمپنی نے پاکستان چھوڑنے کا عندیہ دیا ہے۔ شیل پاکستان کو مالک ادارے نے اپنا پاکستانی کاروبار فروخت کرنے کی اطلاع دے دی ہے۔‘
One more multi national company intends to exit from #Pakistan. #Shell Pakistan Limited was notified by parent that they intend to sell their Pakistan operations@pakstockexgltd pic.twitter.com/qyomF8ozel
— Shahid Ali Habib (@ShahidAliHabib1) June 14, 2023
’شیل کے پاکستان چھوڑنے کے اعلان‘ کو غلط قرار دینے والے وقاص علوی کا کہنا تھا کہ ’شیل گلوبل اپنے شیئرز شیل پاکستان کو فروخت کر رہا ہے۔ شیل کے دیگر آپریشنز جاری رہیں گے۔‘
پاکستان کے کاروباری شعبے میں سب سے بڑی خبر کا درجہ پا لینے والی پیش رفت سے متعلق ابھی تک یہ بات واضح نہیں کہ شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ شیل پاکستان میں اپنے 77 فیصد شیئرز میں سے کتنے حصص فروخت کر رہا ہے۔