عمران خان ‘جیل بھرو تحریک’ کے لیے تیار

ہفتہ 4 فروری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صرف 9ماہ میں ڈالر 100 روپیہ مہنگا ہو گیا، ہمارے تین سال 8 ماہ میں ڈالر صرف 55روپیہ مہنگا ہوا،ایسا کیا ہوا کہ معیشت اتنی نیچے چلی گئی ہے۔

ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ صرف 9ماہ میں ڈالر 100 روپیہ مہنگا ہو گیا، ہمارے تین سال 8 ماہ میں ڈالر صرف 55روپیہ مہنگا ہوا،ایسا کیا ہوا کہ معیشت اتنی نیچے چلی گئی ہے آگے جا کر ڈالر اور مہنگا ہو گا جس کا اثر عوام پر پڑے گا۔

عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا وزیر خزانہ پہلے دھمکیاں دیتا تھا آج آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے،اسحاق ڈار نے بڑھکیں ماریں کہ ڈالر 200سے  نیچے لے آؤں گا،آج اسحاق ڈار کہتا ہے کہ کرتا تو سب کچھ اللہ ہے، ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آٹا، گھی، تیل سب مہنگا ہو گیا ، تیل امپورٹ کرتے ہیں، مہنگا ہو تو سب کچھ مہنگا ہو جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ایک بیان پر شہباز گل کے خلاف اتنا کچھ کیا گیا،شہباز گل اب تک کیسز بھگت رہا ہے، شہباز گل امریکا سے ملک کی خاطر آیا  تھا اب وکیلوں پر پیسے خرچ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اے آر وائی کے ہیڈ آف نیوز کو رات 3بجے گرفتار کیا گیا، دروازے توڑ کر گھروں میں گھستے ہیں جس سے بچوں پر اثرات پڑتے ہیں،اعظم سواتی اور شہباز گل کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ عمران ریاض اور شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا ، ایک ٹویٹ کرنے پر اعظم سواتی کی بچوں کے سامنے ویڈیو بنائی گئیں، فواد چودھری کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف 60 ایف آئی آرز ہیں، ارشد شریف کی کہانی سب سے دردناک ہے ، انہیں بیرون ملک شہید کیا گیا،شاندانہ گلزار نے ایسا کیا کیا کہ اس کے خلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا گیا، فرح حبیب پر ڈکیتی کا کیس چلایا گیا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ یہاں قانون کی حکمرانی نہیں، ملک جنگل کے قانون کی طرف چلا گیا ہے، یہ ثابت کر رہے ہیں کہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس، انصاف کے نظام سے سوال ہے کہ ہمارے بنیادی حقوق کہاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حیران کن طور پر سابق وزیر اعظم ہوتے ہوئے بھی اپنے اوپر ہونے والے حملے کی ایف آئی آر درج نہ کروا سکا، نگران حکومت جے آئی ٹی کو کام نہیں کرنے دے رہی،پیشگوئی کر رہا ہوں کہ مسلط کردہ لوگ بھاگنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب سے سازش کے تحت ملک کے مجرموں کی حکومت ہمارے اوپر نافذ کی گئی، اگر آج ہم نہیں جاگیں گے اور جدوجہد نہیں کریں گے، ہم سب ذمہ دار ہوں جس رخ پر ہم نکل چکے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں 50 سال کی مہنگی ترین مہنگائی ہے، اس وقت عام انسان جو چیزے خریدتا ہے، آٹے کی قیمت 60 روپے سے 150 روپے تک پہنچ چکا ہے، گیس، بجلی، گھی و تیل مہنگے ہو چکے ہیں اور مزید مہنگے ہونے جا رہے ہیں، جیسے جیسے روپیہ گرے گا جو چیزیں ہم باہر سے خریدتے ہیں وہ سب مہنگی ہو جائیں گی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کوئی گرفتاری ہوئی تو جیل بھرو تحریک شروع کریں گے،ہم  جیل بھر کر ان کا شوق پورا کر دیں گے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp