پیپلز پارٹی نے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، اب ایوان چلا کر دکھائے: حافظ نعیم الرحمٰن

جمعرات 15 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان، کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ قبضہ مینڈیٹ کو نہیں مانتے،پیپلز پارٹی نے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، اب ایوان چلا کر دکھائیں، میئر شپ کے لیے ووٹنگ کے تمام عمل کو مسترد کرتے ہیں۔ کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر قانونی جنگ لڑیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے لے کر میئرشپ کے الیکشن تک عوامی مینڈیٹ کو چوری کیا گیا اور اس پر جبراً قبضہ کیا گیا ہم اسے کسی صورت تسلیم نہیں کرتے۔ کراچی کے میئر ڈپٹی میئر کے انتخابات کو مسترد کرتے ہیں اور اس کے لیے قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ ہم کراچی کی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں، تعمیر و ترقی کراچی کے عوام کا بھی حق ہے اورعوام کو یہی حق دلانے کے لیے ہم نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا لیکن بدقسمتی سے بلدیاتی انتخابات سے لے کر میئر شپ اور ڈپٹی میئر تک انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بلدیاتی انتخابات کا آغاز ہوا تو سب سے پہلے ووٹر فہرستوں میں گھپلے کیے گئے۔ پھر اس کے بعد انتخابی عمل کے دوران پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے دھاندلی کی گئ اب کراچی کی میئر اور ڈپٹی میئر شپ کے لیے انتخابات میں مینڈیٹ پر قبضہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے ووٹروں کے حق رائے دہی کا تحفظ کرنا جانتی ہے، ہم پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کراچی کی اس دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن سمیت عدالتوں میں جائیں گے اور عوام کو ان کا حق دلائیں گے۔

انہوں نے سوال کیا کہ جب آپ عوام کے مینڈیٹ کو چوری کریں گے تو تعمیر و ترقی کیسے ممکن ہو گی۔ کراچی کے لوگ بھی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں۔ کراچی کے عوام بھی چاہتے ہیں کہ ان کی سڑکیں پکی ہوں، ان کے نلکوں میں بھی پانی آئے، ٹینکروں میں نہ آئے۔ عوام نے جماعت اسلامی کو ووٹ دیا، ہم 9 لاکھ کا عوامی مینڈیٹ رکھتے ہیں، حیرت کی بات ہے کہ 9 لاکھ کی بجائے 3 لاکھ کا مینڈیٹ رکھنے والا کراچی کا میئر بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’آر اُوز‘ کے ذریعے نتائج کو تبدیل کیا گیا، یہاں ہم اس کے خلاف الیکشن کمیشن بھی گئے، عدالتوں میں بھی گئے ، اب کی بار پھر عدالتوں میں بھی جائیں گے ۔ آج اعلان کرتا ہوں کہ کراچی کے عوام کے ایک، ایک ووٹ کی حفاظت کروں گا اور کراچی کے عوام کا بھاری مینڈیٹ حاصل کرنے والا ہی کراچی کا میئر بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ میری مرتضیٰ وہاب سے کوئی لڑائی نہیں، میری لڑائی ان کی طرف سے چوری کیے گئے مینڈیٹ کے خلاف ہے۔ ہماری لڑائی پاکستان، کراچی اور صوبہ سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے ہے، جماعت اسلامی یہاں خاموش نہیں بیٹھے گی۔ جماعت اسلامی کے لیے میئر شپ تو ایک نشان منزل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے سٹرکوں پر پرامن احتجاج کا حق بھی محفوظ رکھتے ہیں۔ ہم کراچی کی میئر شپ کے تمام انتخابی عمل کو مسترد کرتےہیں۔ عوام مینڈیٹ خریدا گیا جو کہ مکمل غیر آئینی کام ہے اور اس غیر آئینی کام کو ہم ہر فورم پر چیلنج کریں گے۔

انہوں پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ الخمد اللہ جماعت اسلامی ایک جمہوری پارٹی ہے جس میں لوگ نچلی سطح سے میرٹ پر اوپر آتے ہیں۔ پیپلز پارٹی  جمہوریت ہمیں نا سکھائے، قبضہ مینڈیٹ کو کسی قیمت قبول نہیں کریں گے۔ الیکشن کمیشن کو بھی کہتا ہوں کہ وہ فوری از خود اس کا نوٹس لے ، باور کروا رہے ہیں کہ ہم میدان چوڑنے والے نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp