بلوچستان کی پہلی انٹرنیشنل ویمن کرکٹر ناہیدہ خان نے کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

جمعرات 15 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کی بیٹی، قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بلے باز اور آل راؤنڈر ناہیدہ خان نے جمعرات کو انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ ناہیدہ خان کا بین الاقوامی کرکٹ کیریئر 14سال پر محیط رہا۔ انہوں نے 7 فروری 2009ء کو سری لنکا کے خلاف بوگرہ بنگلہ دیش میں اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلا تھا۔

اپنے کرکٹ کے سفر کے دوران ناہیدہ نے 120 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2014 رنز بنائے اور ایک 100 سے زائد وکٹس حاصل کیں۔ انہیں ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سب سے زیادہ کیچز کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔

انہوں نے 2018ء میں سری لنکا کے خلاف ’دمبولا‘ میں 4 کیچ لیے تھے، جس کی بدولت وہ میچ پاکستانی ٹیم 94 رنز سے جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

ناہیدہ خان نے 2013, 2017, 2022  میں  50 اوورز کے 3  عالمی کپ مقابلوں جب کہ 2012, 2014, 2016, 2018 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

ناہیدہ خان نے کرکٹ سے اپنی وابستگی برقرار رکھتے ہوئے کوچنگ کا شعبہ اختیار کیا اور حال ہی میں انہوں نے پاکستان کپ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں بلاسٹرز کی اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داری نبھائی۔

اس سے قبل انہوں نے مارچ میں ہونے والی ویمنز لیگ میں ایمازون ٹیم کے ہیڈ کوچ توفیق عمر کی اسسٹنٹ کوچ کے طور پر بھی کام کیا تھا۔ ان نمائشی میچوں میں ایمازون 2-1 سے فاتح رہی تھی۔

ناہیدہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ بلوچستان سے واحد خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے پاکستان قومی کرکٹ ٹیم میں صوبے کی نمائندگی کی ہے۔

میرے والد نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا، ناہیدہ خان

وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ناہیدہ خان نے کہا کہ انہیں اپنے کیریئر میں جو بھی سپورٹ ملی ہے اس پر وہ بہت خوش ہیں۔ وہ اپنی فیملی، ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں جنہوں نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی صلاحیتوں پر بھروسہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں جنہوں نے ان کے کیریئر میں ہمیشہ ان کا ساتھ دیا چاہے وہ پاکستان میں ہوں یا دیگر ممالک میں۔

ناہیدہ نے کہا کہ کرکٹ کھیلنے کا شوق انہیں بچپن ہی سے تھا لیکن بلوچستان میں خواتین کا کھیلوں میں حصہ لینا ہمیشہ سے معیوب سمجھا جاتا تھا جس کی وجہ سے ابتدائی دنوں میں کرکٹ کھیلنے میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا لیکن میرے والد نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا جس کی بدولت آج میں اس مقام پر ہوں۔

ناہیدہ نے کہا کہ انہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اس لیے کیا کیوں کہ میں بلوچستان کی اُن خواتین کی مدد کرنا چاہتی ہوں جنہیں کرکٹ کھیلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا پیغام

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ناہیدہ کی ریٹائرمنٹ پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم  کے لیے ناہیدہ خان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔ ناہیدہ خان کو بلوچستان کی خواتین کے لیے ایک رول ماڈل بننے اور شاندار کرکٹ کیریئر کو سراہتے ہیں

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ناہیدہ خان کے ساتھ ناروا رویہ قابل افسوس ہے۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی صوبے میں خواتین کرکٹ کی بہتری کے لیے ناہیدہ خان کی خدمات حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ناہید ہ خان کو ایک ایسا ٹاسک  دیا جائے کہ وہ صوبے میں اپنے جیسی بہت سی ناہیدہ خان بنائیں۔ یہ امر ہمارے صوبے کے لیے قابل فخر ہے کہ ناہید ہ خان بین الاقوامی سطح پر  ہمارے صوبے کی پہچان بنی ہیں۔

وزیر اعلی بلوچستان نے مزید کہا کہ ناہید ہ خان نے ثابت کیا ہے کہ بلوچستان کی بچیاں کسی سے کم نہیں اور نہ ہی ان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی ہے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp