وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں بوسنیا کے سفیر ثاقب فورک نے الوداعی ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور بوسنیا ہرزیگوینا کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور بوسنیا کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔
بلاول بھٹو نے پاکستان میں قیام کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافے کے لیے ثاقب فورک کی خدمات کو سراہا۔

علاوہ ازیں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے ڈنمارک کے وزیر برائے ترقیاتی تعاون اور عالمی موسمیاتی پالیسی ڈین جورگنسن نے یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان سیاسی، تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں موسمیاتی تبدیلی اور گرین ٹرانزیشن کے شعبوں میں کلیدی توجہ مرکوز کی گئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ڈین جورگنسن پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد میں ہیں۔ ملاقات میں دونوں وزراء نے اگست 2022 میں دستخط کیے گئے گرین فریم ورک اینگیجمنٹ ایگریمنٹ پر “پلان آف ایکشن (2023-2027)” کا تبادلہ کیا۔ پلان آف ایکشن قابل تجدید توانائی اور گرین ٹرانزیشن میں مشترکہ اقدامات اور منصوبوں کی راہ ہموار کرے گا۔ یہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی کردار ادا کرے گا اور اس طرح ایک پائیدار مستقبل کی بنیاد فراہم کرے گا۔