پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم اگلے 12 ماہ 15 ون ڈے اور 17 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی

جمعہ 16 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے مصروف شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم اگلے 12 ماہ کے دوران آئی سی سی چیمپئن شپ کے 15 ون ڈے انٹرنیشنل اور 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم رواں برس اگست ستمبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔ جنوبی افریقہ کے دورے سے پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے 24-2023 سیزن کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔

جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 25-2023 کے سلسلے کے 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔کراچی میں یہ میچز یکم سے 14 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

پاکستان اس وقت 3 سیریز میں 9 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل کر 5 فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جنوبی افریقہ نے 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی ایک سیریز کھیلی ہے اور اس کے 6 پوائنٹس ہیں۔

پاکستان نے پہلی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی تھی

یاد رہے کہ 16-2014 کی پہلی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف شارجہ میں سیریز کھیلی تھی جو جنوبی افریقہ نے 2 ایک سے جیتی تھی جبکہ 20-2017 کی چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کا دورہ کیا تھا وہ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی سیریز کا تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل بینونی میں برابری پر ختم ہوگیا تھا۔

حالیہ برسوں کے دوران جو بڑی ٹیمیں پاکستان آئی ہیں ان میں جنوبی افریقہ چوتھی بڑی ٹیم ہوگی۔ جنوری 2019ء میں ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے کراچی میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے۔ مئی اور نومبر 2022ء میں سری لنکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں کراچی اور لاہور میں ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی کھیلی تھیں، اس کے علاوہ 7 ممالک کی 11 کرکٹرز نے جن میں 3 کپتان بھی شامل ہیں، رواں برس مارچ میں خواتین لیگ کے 3 نمائشی میچوں میں حصہ لیا تھا۔

جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم کے خلاف سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی ان 5 سیریز میں ایک ہے جو پاکستانی ٹیم 24-2023 کے سیزن میں کھیلے گی۔ اکتوبر میں پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم بنگلا دیش کا دورہ کرے گی۔ نومبر میں وہ نیوزی لینڈ کے دورے پر ہوگی جبکہ مئی 2024ء میں اسے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ پاکستان اپریل 2024ء میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی میزبانی کرے گا۔

پاکستانی خواتین ٹیم اگلے 12 ماہ کے دوران آئی سی سی چیمپئن شپ کے 15 ون ڈے انٹرنیشنل اور 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے کیونکہ امکان ہے کہ پاکستانی ٹیم ستمبر میں چین کے شہر ہانگ ژو میں ہونے والے ایشین گیمز میں بھی حصہ لے۔ یاد رہے کہ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے 2010 میں گوانگ ژو اور 2014 میں انچیون میں منعقدہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ویمنز ونگ نے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی غرض سے اکتوبر میں ویسٹ انڈیز ایمرجنگ ٹیم کے خلاف اور بنگلا دیش ایمرجنگ کے خلاف جنوری میں 2 ایمرجنگ سیریز بھی شیڈول کی ہیں۔ ویسٹ انڈیز ایمرجنگ کے خلاف پاکستان 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جبکہ بنگلا دیش کے دورے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی سیریز ندا ڈار کی بحیثیت کپتان پہلی سیریز ہوگی۔ وہ ابتک 99 ون ڈے انٹرنیشنل اور 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ کپتان ندا ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستانی ویمنز ٹیم کے لیے اگلے 12 ماہ بہت مصروف ہیں اور وہ آنے والے میچوں کے سلسلے میں بہت ُپرجوش ہیں۔ ان میچوں سے کھلاڑیوں کو قیمتی تجربہ حاصل ہوگا۔

ندا ڈار ون ڈے میچوں کی سنچری کے قریب

ندا ڈار کو اس بات کی خوشی ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز بحیثیت کپتان ان کی پہلی سیریز ہوگی جسے وہ نہ صرف اپنے ون ڈے میچوں کی سنچری مکمل کرکے یادگار بنانا چاہتی ہیں بلکہ وہ آئی سی سی چیمپئن شپ میں قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کرنا چاہتی ہیں تاکہ پاکستانی ٹیم اوپر کی پوزیشن پر اختتام کرسکے تاہم انہیں اس بات کا اندازہ ہے کہ اس کے لیے انہیں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ جنوبی افریقہ تجربہ کار ٹیم ہے جس میں اعلیٰ معیار کی کھلاڑی موجود ہیں۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کی کپتانی کرنے والی سونے لیز جو رواں برس راولپنڈی میں ویمنز لیگ کے نمائشی میچ بھی کھیل چکی ہیں کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ پاکستان آکر 2 طرفہ سیریز کھیلنے پر خوش ہیں۔ وہ ویمنز لیگ کے دوران پاکستان کی میزبانی اور شائقین کے جوش و خروش سے متاثر ہوچکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا تمام کھلاڑی بہت ملنسار تھیں اور پاکستان آنا اچھا تجربہ تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم اپنے ملک میں ایک خطرناک ٹیم ہے اور یہ ایک اچھی سیریز ہوگی۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور یہ ویمنز کرکٹ کے لیے بہت اہم ہوگی۔

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کا آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا شیڈول:

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کا آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ جس کے تمام میچ کراچی میں ہوں گے:
27 اگست: جنوبی افریقی ٹیم کی آمد
یکم ستمبر: پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل
3 ستمبر: دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل
5 ستمبر: تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل
8 ستمبر: پہلا ون ڈے انٹرنیشنل
11 ستمبر: دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل
14 ستمبر: تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل
اکتوبر،نومبر 2023: پاکستانی ٹیم کا دورۂ بنگلہ دیش ( 3 ون ڈے انٹرنیشنل، 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل)
نومبر،دسمبر 2023: پاکستانی ٹیم کا دورۂ نیوزی لینڈ(3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹوئنٹی انٹرنیشنل)
اپریل،مئی 2024: ویسٹ انڈیز کا دورۂ پاکستان (3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل)
مئی 2024ء: پاکستانی ٹیم کا دورۂ انگلینڈ (3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 3 ٹوئنٹی انٹرنیشنل)

اضافی سیریز:

ستمبر2023 ایشین گیمز، چین۔
اکتوبر، نومبر 2023: ویسٹ انڈیز ایمرجنگ ٹیم کا دورہ پاکستان (3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے )
جنوری 2024: پاکستان انڈر 19 ٹیم کا دورۂ بنگلہ دیش(5 ٹی ٹوئنٹی)

پاکستانی ویمنز ٹیم کی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں کارکردگی:

بمقابلہ سری لنکا: 2 ایک سے سیریز جیتی۔
بمقابلہ آئرلینڈ: 3 صفر سے سیریز جیتی۔
بمقابلہ آسٹریلیا: 3 صفر سے شکست۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp