نواز شریف پاکستان آئے تو ان کا سپاہی بن کر کام کروں گا، وزیراعظم شہباز شریف

جمعہ 16 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو مٹانے کے لیے کئی لوگ آئے اور خود مٹ گئے جب کہ پارٹی قائد اپنی جگہ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

ن لیگ کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہ قائد نواز شریف نے کبھی ذاتی مفاد کو ملک کے مفاد پر ترجیح نہیں دی اور نہ انہوں نے کارکنوں کو کبھی یہ ہدایت کی کہ باہر نکلو، حملہ کرو اور سب تہس نہس کردو۔

انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ایک شخص کہتا تھا کہ ان (ن لیگ) کے بچے باہر ہیں۔ پھر عمران خان سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آپ دیکھ لیں کہ مریم نواز آپ کے سامنے کھڑی ہے، آپ کے بچے کدھر ہیں‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو کبھی ان ماؤں کا خیال نہیں آیا کہ جن کے قاسم اور سلیمان (عمران خان کے صاحبزادوں کے نام) اس وقت جیلوں میں ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ شہدا کسی ادارے کے نہیں بلکہ پوری قوم کے ہوتے ہیں لیکن (9 مئی کو) ایک شرمناک روایت ڈالی گئی اور وہ بھیانک کام کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں سمجھتی ہوں کہ مسلم لیگ ن پر کسی کی کوئی اجارہ داری نہیں، یہ کارکنوں کی جماعت ہے تاہم میرٹ پر نہ آنے والے کو ن لیگ کا عہدہ نہ دیا جائے تاہم کارکردگی کے ساتھ عہدوں کو مشروط کیا جانا چاہیے اور جو میرٹ پر پورے نہیں اترتے انہیں عہدہ نہیں دیا جانا چاہیے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ برسوں سے عہدوں پر بیھٹے ہیں اور کچھ نہیں کر رہے ان سے وہ عہدے لے کر حقیقی کارکنوں کو دیے جائیں۔

پارٹی چیف آرگنائزر نے تجویز دی کہ ن لیگ میں ایک ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہونا چاہیے اور ہر شہر سے کارکنوں کو لینا چاہے کیوں کہ پارٹی پر سب سے زیادہ حق اس کے کارکنوں کا ہوتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی الیکشن ہر سال پابندی سے منعقد ہوں گے اور واضح کیا کہ ن لیگ اس ملک کی ماضی بھی تھی، حال بھی ہے اور مستقبل بھی۔

مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ نواز شریف کو اپنا بھائی مانا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ’جو جماعت جہاز پر سوار ہو کر آئی تھی اسی جہاز پر واپس ہو گئی ہے‘۔

نواز شریف پاکستان آئے تو ان کا سپاہی بن کر کام کروں گا، شہباز شریف

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتہائی معاشی مشکلات کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ کیا، پارٹی کے اندر کچھ لوگ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں جب کہ عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) کے ساتھ ابھی بھی ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں، نواز شریف پاکستان آئے تو ان کا سپاہی بن کر ان کے ساتھ کام کروں گا۔
جمعہ کو مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ مریم نوازپھر مسلم لیگ ن (ایم ایل این) کی چیف آرگنائزر بن چکی ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ مریم نواز دن رات محنت کر رہی ہے، پارٹی ہم سب مل کر چلا رہے ہیں وہ الگ داستان ہے لیکن مریم نواز ہر جگہ پہنچ رہی ہے، ہماری بچی بہت محنت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت میاں محمد نواز شریف کی امانت ہے، وقت آتے ہی یہ امانت نواز شریف کو واپس کر دیں گے۔ دعا کرتا ہوں کہ نواز شریف جلد پاکستان آئیں اور چوتھی مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم بنیں، وہ پاکستان آئے تو ان کا سپاہی بن کر ان کے ساتھ کام کروں گا۔ کارکن چٹان کی طرح نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بجلی، صنعت، زراعت کے شعبوں میں بہتری لانے کے لیے دن رات محنت کی۔ اس مقصد کے لیے ن لیگ کے ممبران اسمبلی، کارکنوں نے بھی دن رات محنت کیں، اس کے لیے ہمارے نوجوانوں نے جیلیں کاٹیں
انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کرنا کوئی پھولوں کی سیج نہیں ہے اس کے لیے کانٹوں پر چلنا پڑتا ہے ۔ پارٹی کے اندر کچھ لوگ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں لیکن میں مبارک باد دیتا ہوں اسحاق ڈار کو انہوں نے انتہائی مشکل حالات میں دن رات محنت کر کے بہترین بجٹ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی محنت پر کوئی دو رائے نہیں ان کی امانت و دیانت پر کوئی دو رائے نہیں۔

آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے میں ’الٹے سیدھے‘ ہو گئے ہیں: شہباز شریف

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف ) کی شرائط پوری کرنے میں ہم ’الٹے سیدھے‘ ہو گئے ہیں، لیکن ہماری جماعت نے ہر چیز کی پرواہ کیے بغیر اپنا سارا سیاسی سرمایہ ملک کی بہتری کے لیے داؤ پر لگا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تیل کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی تھیں، پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ مہنگائی سمیت دیگر مشکلات کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ شدید مالی مشکلات کے باوجود ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا، جس کی وجہ سے ہمارے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )کے ساتھ ابھی بھی سینگ پھنسے ہوئے ہیں۔

ہم نے معاشی بہتری لا کر عمران نیازی کو جھوٹا ثابت کیا: وزیر اعظم

شہباز شریف نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’ آج میں اس جھوٹے انسان سے پوچھتا ہوں جو امریکا سے تعلقات جوڑے ہوئے تھا کہ اگر روس سے سستا تیل ملتا تھا تو پاکستان کیوں نہیں لائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے معاشی بہتری لا کر اس ’جھوٹے‘ کا جھوٹ ثابت کر دکھایا ہے، روس سے سستا تیل پاکستان لا کر اس کے چہرے پر تھپڑ لگایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے کہا کہ نریندر مودی کامیاب ہو گا تو کشمیر کے لیے بہتر ہوگا۔ مسلم لیگ ن نے کبھی بھی نریندرمودی کی کوئی وکالت نہیں کی، نواز شریف نے کشمیر کے لیے بہترین پالیسی بنائی تھی، پاکستان کا بچہ بچہ کٹ مر سکتا ہے لیکن کشمیر کے مسئلے پر کوئی سودا کرنے کے لیے تیار نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp