ملک کو درپیش معاشی بحران کے پیش نظر چین نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر بھیج دیے اور اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 107 ملین ڈالر اضافے کے بعد 9.37ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ چین کی جانب سے ایک ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ ملا ہے اور یہ رقم اکاؤنٹ میں آچکی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض کے حصول کے لیے بھی چین نے پاکستان کا ہر ممکن ساتھ دیا ہے۔
چند روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی چین کی ناظم الامور پانگ چنکسو سے ملاقات کی تھی جس کے دوران ملکی اقتصادی بحران کے پیش نظر چین سے مدد کی درخواست کی گئی تھی۔ ملاقات میں وزیر خزانہ نے 1.3 بلین ڈالر کے 2 چینی تجارتی قرضوں کی ری فنانسنگ کا تذکرہ بھی کیا تھا۔
چین کے علاوہ سعودی عرب اور قریبی دوست قطر کے حوالے سے بھی امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان کو اس مشکل گھڑی سے نکلنے کے لیے دونوں دوست ممالک بھی معاونت کریں گے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی نوید
یاد رہے کہ جمعرات کو اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر 107 ملین ڈالر اضافے کے بعد 9.37ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹ پریس آف پاکستان کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 9 جون 2023 کو اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 4.01ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 5.35 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔