حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان مذاکرات کامیاب، احتجاج کی کال واپس

ہفتہ 17 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت اور تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے ہمراہ ٹی ایل پی کے رہنما نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبات پرعمل درآمد کی صورت میں احتجاج کی کال واپس لینے کی یقین دہانی کرا دی۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایل کے تمام مطالبات عوامی سطح کے تھے، 12 میں سے 10 مطالبات تو ناموس رسالت سے متعلق تھے، ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات خوش اسلوبی کے ساتھ طے پا گئے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی طرح معاملات کو بگاڑنے کے بجائے معاملات کو سلجھایا گیا ہے، ٹی ایل پی کے تمام جائز مطالبات کو مانا جائے گا۔ ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے پورا ملک یکجا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو 86 برس کی سزا دینا نا انصافی ہے، حکومت انکی رہائی کے لیے اقدامات کر رہی ہے ان اقدامات کو مزید تیز کیا جائے گا۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا مطالبہ بھی عوامی سطح کا مطالبہ تھا اس پر بھی عمل درآمد کیا جائے گا، آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کی جائے گی۔

دوسری جانب ٹی ایل پی کے رہنما شفیق امینی نے کہا کہ ہمارے مطالبات میں ناموس رسالت کا تحفظ، مہنگائی کا خاتمہ اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ شامل تھا، حکومت نے تمام مطالبات کو ماننے کی یقین دہانی کروائی ہے جس پر جماعت کی جانب سے احتجاج کی کال واپس لے لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی امیرتحریک لبیک سعد رضوی کی قیادت میں احتجاج کیا گیا، پورے ملک میں مارچ کیا گیا کہیں پر کسی قسم کا کوئی تشدد اور توڑ پھوڑ نہیں ہوئی، پر امن احتجاج پر یقین رکھتے ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم نے باہمی مشاورت سے ایک طریقہ کار طے کیا ہے کہ کس طرح  معاملے کو بہتر بنا سکتے ہیں، ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں قانون نافذ کرنے والے لوگ بھی شامل ہوں گے۔

انکا مزید کہنا تھا کہنا تھا کہ تمام معاملات کو خوش اسلوبی کے ساتھ طے کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp