شاہد خاقان عباسی کا وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ ختم ہوگیا؟

ہفتہ 17 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی  نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ ختم ہوگیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن میں ہیں اور اس کے ایم این اے ہیں لیکن حکومت میں نہیں ہیں۔

ایک نجی ٹی وی کے پرگرام میں گفتگو کے دوران  ایک سوال کہ کیا وزیراعظم شہباز شریف آپ کو وزیراعظم ہاؤس میں بلاتے ہیں؟ بڑے بڑے پراجیکٹس پر بات کرتے ہیں، پالیسی ایشوز پر بات کرتے ہیں؟

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نہیں! یہ سلسلہ بھی ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  میری مریم نواز سے بھی کوئی ملاقات نہیں ہوتی، 5،4 مہینے پہلے ایک ملاقات ہوئی تھی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا’ میں مسلم لیگ ن کا ایم این اے ہوں اور جو میری ذمہ داریاں ہیں، وہ پوری کرتا ہوں‘۔

ان سے پوچھا گیا کہ اسحاق ڈارکے بیان کہ آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے، کیا یہ بیان مسلم لیگ ن کی پالیسی کا عکاس ہے؟

شاہد خاقان عباسی نے کہا’حقائق اسحاق ڈار جانتے ہیں، میں نہیں جانتا۔ اگر انہوں نے ایسا کہا ہے تو اس کے پیچھے ان کے پاس معلومات ہوں گی، میرے پاس ایسی کوئی معلومات نہیں ہیں۔ اس لیے میں ان کے بیان کی تائید کرسکتا ہوں نہ تردید‘۔

سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کرنا چاہیے، اس کے لیے پوری کوشش کرنی چاہیے ورنہ ہماری مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

’پرسوں آئی ایم ایف نے رات کے وقت ایک بیان جاری کیا، جہاں تک مجھے یاد ہے کہ ایسے بیانات کبھی نہیں جاری کیے گئے۔ وہ کبھی ریویو کے مرحلے میں ایسا بیان نہیں دیتے، اس لیے یہ تشویش ناک ہے‘۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا ’آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیکس اصلاحات ناکافی ہیں، ٹیکس ایمنسٹی پروگرام کی روح کے خلاف ہے، توانائی کے شعبے میں حسب وعدہ اصلاحات نہیں کی ہیں۔ آئی ایم ایف بجٹ میں تبدیلیاں کروانا چاہتا ہے‘۔

شاہد خاقان عباسی سے پوچھا گیا کہ آپ اس وقت وزیراعظم یا وزیرخزانہ ہوتے تو کیا کرتے؟

انہوں نے کہا کہ مییں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری رکھتا کیونکہ وہ بات کرنا چاہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp