ضلع خیبرمیں خاتون ایس ڈی او قتل، 4 بچے اور شوہر غائب

ہفتہ 17 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں خاتون سب ڈویژن ایجوکشن آفیسر (ایس ڈی او) کو چھریوں کے وار کرکے قتل کر دیا گیا جبکہ وقوعہ کے بعد سے اب تک شوہر 4 بچوں سمیت غائب ہے۔

خیبر پولیس کے مطابق واقعہ رات گئے پیش آئے واقعے کی اطلاع پولیس کو صبح ملی، پولیس نے بتایا کہ لنڈی کوتل کے علاقے زیڑے میری خیل گرلز پرائمری اسکول سے خاتون ایس ڈی ای او  کو گھر کے اندر قتل کیا گیا تھا جبکہ خاتون کے شوہر اور چار بچے تاحال لاپتہ ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون ایجوکیشن آفیسر چار بچوں اور شوہر کے ساتھ پرائمری اسکول کے احاطے میں سرکاری کوارٹر میں رہائش پذیر تھی، صبح جیسے ہی بچیاں اسکول پہنچیں تو گیٹ کو تالہ لگا ہوا تھا۔

پولیس جائے وقوعہ پہنچی تو خاتون کی لاش خون میں لت پت پڑی تھی جسے چھریوں کے وار کر کے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔

پولیس نے مقتولہ کی شناخت رضوانہ کے نام سے کی ہے جو گزشتہ دو ماہ سے شوہر اور بچوں کے ساتھ خیبر کے پرائمری اسکول میں رہائش پذیر تھی خاتون کا تعلق بنوں سے تھا۔

“ایس ڈی او ای کا تعلق ضلع بنوں سے ہے جو خیبر تبادلہ ہونے کے بعد اسکول کے احاطے میں موجود ایک کوارٹر میں رہائش پذیر تھی،”

خیبر کے تھانہ لنڈی کوٹل کے متعلقہ چوکی انچارچ شان خیل نے وی نیوز کو بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے لنڈی کوتل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس گھر سے بھی شواہد اکٹھے کر رہی ہے اور یہ بھی دیکھ رہی ہے کہ گھر سے چیزیں غائب تو نہیں ہیں، کچھ بھی کہنا اس وقت قبل از وقت ہوگا۔ پولیس ہر زاویے سے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ خاتون کے شوہر اور چار بچے جو ساتھ رہتے تھے وقوعہ کے بعد سےغائب ہیں۔ جن کی تلاش جاری ہے۔ دیکھ رہے ہیں قتل کرنے والے انھیں اغوا کرکے لے گئے ہیں یا وہ خود کہیں روپوش ہو گئے ہیں۔

پولیس افسر نے بتایا کہا کہ پولیس خاتون آفیسر کے اسٹاف اور اسکول انتظامیہ سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

انھوں مزید بتایا کہ قتل کے بعد خاتون آفیسر کی لاش گھر کے اندر پڑی تھی جبکہ اسکول کو باہر سے تالا لگا تھا، یہاں تک کہ لواحقین بھی نہیں آئے جبکہ پولیس یہ جاننے کی کوشش میں مصروف ہے کہ معاملہ گھریلو ناچاکی کے باعث پیش آیا یا کوئی اور وجہ تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp